پی سی بی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے تمام میچز پاکستان میں ہی کرانے پر بضد – پاک لائیو ٹی وی


پی سی بی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے تمام میچز پاکستان میں ہی کرانے پر بضد

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کسی بھی غیر جانبدار مقام پر چیمپئنز ٹرافی 2025 کے میچز کو منتقل کرنے کی افواہوں کی تردید کردی۔

خبر رساں ادارے کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ چیمپئنز ٹرافی 2025 کے تمام میچز پاکستان میں ہی کرانے پر بضد ہے جب کہ پی سی بی نے کسی بھی غیر جانبدار مقام پر میچز کو منتقل کرنے کی افواہوں کی بھی تردید کردی ہے۔

خیال رہے کہ حال ہی میں ایسی افواہیں سامنے آئیں تھیں کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے میچز کو کسی غیر جانبدار مقام پر منتقل کرنے کا پلان بی مرتب کیا گیا ہے تاہم اب پی سی بی کی تردید سامنے آگئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق پی سی بی نے اسی بات پر زور دیا ہے کہ چونکہ ایونٹ کی میزبانی پاکستان کے پاس ہے، لہذا پورا ایونٹ ملک میں ہی ہونا چاہیے۔

آئی سی سی کا سالانہ اجلاس 19 سے 22 جولائی کے درمیان کولمبو میں شیڈول ہے جس میں پی سی بی کا وفد پاکستان میں تمام میچوں کی میزبانی کے حوالے سے اپنا مضبوط موقف پیش کرے گا۔

پی سی بی نے ٹورنامنٹ کے لیے تین مقام فائنل کیے ہیں جن میں کراچی، راولپنڈی اور لاہور شامل ہیں جب کہ آئی سی سی کو جمع کرائے گئے شیڈول کے مطابق بھارت کے تمام میچز لاہور میں کرانے کا منصوبہ ہے۔

ایونٹ کی تیاری کے سلسلے میں پی سی بی نے کراچی، لاہور اور راولپنڈی کے اسٹیڈیمز کو اپ گریڈ کرنے کے لیے 12.80 بلین روپے مختص کیے ہیں۔

یاد رہے کہ اگر بھارت چیمپئنز ٹرافی 2025 کھیلنے پاکستان نہیں آتا تو پی سی بی نے بھی 2026 میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو کہ بھارت اور سری لنکا کی میزبانی میں کروایا جانا ہے۔

واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کے میچز 19 فروری سے 9 مارچ 2025 کے دوران کرانے کی تجویز ہے جب کہ یہ ٹورنامنٹ 8 سال بعد ہونے جارہا ہے، اس سے قبل ہونے والے ایونٹ میں پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

Exit mobile version