ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز؛ شاہد آفریدی کو فائنل میں پاک بھارت مقابلے کی امید – پاک لائیو ٹی وی


ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز؛ شاہد آفریدی کو فائنل میں پاک بھارت مقابلے کی امید

سابق آل راؤنڈر شاہد آفریدی کو ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے فائنل میں پاک بھارت مقابلے کی امید۔

ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں گروپ مرحلہ اپنے اختتام کو پہنچ گیا ہے جس کے بعد ٹورنامنٹ کے دونوں سیمی فائنل آج کھیلے جارہے ہیں۔

پہلا سیمی فائنل ویسٹ انڈیز چیمپئن اور پاکستان چیمپئن کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا جب کہ دوسرے سیمی فائنل میں بھارت چیمپئن کا مقابلہ آسٹریلیا چیمپئن سے ہوگا۔

اگر پاکستان اور بھارت اپنے اپنے میچز جیت جاتے ہیں تو فائنل میں روایتی حریفوں کے درمیان ایک سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کہتے ہیں ’’تمام ٹیموں کے کھلاڑی سیمی فائنل جیتنے اور فائنل میں جگہ بنانے کے لیے پرعزم ہیں، اگر فائنل میں پاک بھارت مقابلہ دیکھنے کو ملتا ہے تو دنیا بھر کے شائقین کرکٹ کو ایک اچھا اور مسحور کن مقابلہ دیکھنے کو ملے گا‘‘۔

خیال رہے کہ گروپ مرحلے میں پاکستان نے بھارت کو 68 رنز سے شکست دے کر فتح حاصل کی تھی۔

پورے ٹورنامنٹ میں پاکستان کے بلے بازوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، شرجیل خان 209، شعیب ملک 204 اور صہیب مقصود 182 رنز کے ساتھ نمایاں اسکورر ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان نے گروپ مرحلے میں آسٹریلیا، ویسٹ انڈیز، انگلینڈ اور بھارت کو شکست دی ہے جب کہ پاکستان کو صرف جنوبی افریقہ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

Exit mobile version