متعلقہ

کیریئر کی شروعات میں والد اور بھائی کی طرف سے کافی مخالفت کا سامنا کرنا پڑا، صدف کنول – پاک لائیو ٹی وی


کیریئر کی شروعات میں والد اور بھائی کی طرف سے کافی مخالفت کا سامنا کرنا پڑا، صدف کنول

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف ماڈل و اداکارہ صدف کنول نے کہا ہے کہ کیریئر کی شروعات میں والد اور بھائی کی طرف سے کافی مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔

حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں معروف ماڈل و اداکارہ صدف کنول نے بتایا کہ میری پھوپھو اداکارہ تھیں، اُنہوں نے سلطان راہی جیسے اداکاروں کے ساتھ کام کیا، میں ہمیشہ اپنی پھوپھو کے کام سے متاثر ہوتی تھی اور میں چاہتی تھی کہ میں بھی شوبز انڈسٹری کا حصہ بن جاؤں۔

انہوں نے کہا کہ میرا یہی شوق مجھے ماڈلنگ کے آڈیشن تک لے گیا، میں آڈیشن کے لیے گئی تو وہاں میری سلیکشن ہوگئی اور دیکھتے ہی دیکھتے مجھے مختلف برانڈز کے ساتھ کام ملنے لگا۔

ان کا کہنا تھا کہ جب میری فیملی کو معلوم ہوا کہ میں ماڈلنگ کررہی ہوں تو میرے والد اور بھائی بہت غصہ ہوئے اور اُنہوں نے دو سال تک مجھ سے بات نہیں کی۔

صدف کنول نے بتایا کہ اُس وقت صرف میری والدہ میری حمایت میں میرے ساتھ کھڑی تھیں، امی نے مجھ سے کہا تھا کہ گر تم ماڈلنگ کرنا چاہتی ہو تو کر لو۔

اداکارہ کے مطابق مجھے کیریئر کی شروعات میں اپنے والد اور بھائی کی طرف سے کافی مخالفت کا سامنا کرنا پڑا لیکن آخرکار، وہ سمجھ گئے کہ ماڈلنگ میرا جنون ہے اور میں یہ نہیں چھوڑ سکتی تو میرے والد اور بھائی نے میرے فیصلے کو قبول کیا۔