اگلا کپتان کون ہوسکتا ہے؟ یونس خان نے بتادیا – پاک لائیو ٹی وی


اگلا کپتان کون ہوسکتا ہے؟ یونس خان نے بتادیا

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فاتح کپتان یونس خان نے بابر اعظم کے بعد قومی ٹیم کے کپتان کے لیے امیدوار کا نام بتادیا۔

مقامی اسپورٹس چینل پر گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان یونس خان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر روشنی ڈالی اور اگلے کپتان کے لیے فخرزمان کو منتخب کیا۔

انہوں نے کہا ’’فخر زمان کیوں کپتان نہیں ہوسکتے، کیا وہ پرفارمر نہیں اور کیا انہوں نے ون ڈے ورلڈکپ 2023 میں اچھا پرفارم نہیں کیا تھا؟‘‘۔

ان کا کہنا تھا ’’وہ فخرزمان نہیں تھے جنہوں نے ون ڈے ورلڈکپ میں ہمیں امید دلوائی جب کہ ابتدائی میچز میں وہ فارم میں موجود نہیں تھے لیکن دوسرے ہاف میں انہوں نے اپنی فارم کو بحال کرتے ہوئے پاکستان کو کئی میچز جتوائے‘‘۔

یونس خان کہتے ہیں ’’فخرزمان نے ٹیم کے لیے قربانی دی اور ٹیم کی بہتری کے لیے ہی انہوں نے بیٹنگ پوزیشن کو بھی تبدیل کیا جب کہ انہوں نے اپنی اوپننگ پوزیشن کو چھوڑ کر چوتھے یا پانچویں نمبر تک بیٹنگ کی‘‘۔

خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں قومی ٹیم ناقص کارکردگی کے بعد وطن واپس پہنچ رہی ہے جب کہ پاکستان ٹیم سپر ایٹ مرحلے تک بھی کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی ہے۔

واضح رہے کہ ون ڈے ورلڈکپ 2023 کے بعد بابر اعظم نے کپتانی چھوڑ دی تھی، بعد ازاں بورڈ نے انہیں وائٹ بال ٹیم کا کپتان بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔

Exit mobile version