متعلقہ

ایف بی آر کا ٹیکس وصولی کے لئے نیا پلان تیار – پاک لائیو ٹی وی


ایف بی آر کا ٹیکس وصولی کے لئے نیا پلان تیار

اسلام آباد: حکومت نے آئندہ مالی سال 12 ہزار 900 ارب روپے کا ٹیکس ہدف حاصل کرنے کا پلان بنالیا ہے، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) ٹیکس گزاروں پر ٹیکسوں کا مزید بوجھ ڈال کر ٹیکس محصولات کی وصولی کیلئے تیار ہے۔

ذرائع ایف بی آر کے مطابق آئندہ بجٹ میں 2 ہزار ارب روپے اضافی ریونیو حاصل کرنے کیلئے ٹیکسوں کے شرح میں اضافے اور پیٹرولیم مصنوعات پر ابتدائی مراحل میں 5 فیصد سیلز ٹیکس عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات پر 5 فیصد سیلز ٹیکس عائد کرنے سے تقریبا 6 سو ارب روپے ریونیو متوقع ہے جبکہ آئندہ مالی سال کیلئے فنانس بل میں تمام سیلز ٹیکس چھوٹ ختم کرنے کی تجویز بھی تیار کی گئی ہے، سیلز ٹیکس استثنیٰ ختم کرنے سے تقریباً ساڑھے 5 سو ارب روپے اضافی آمدن متوقع ہے۔

ذرائع ایف بی آر کا کہنا ہے کہ اضافی ٹیکس ہدف پورا کرنے کیلئے سیلز ٹیکس کی شرح مزید 1 فیصد مزید بڑھانے جانے کا امکان ہے جبکہ سیلز ٹیکس شرح بڑھنے سے تقریباً 100 ارب روپے اضافی ریونیو متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق سیلز ٹیکس کی شرح 18 فیصد سے بڑھ کر 19 فیصد تک پہنچ جائے گی جبکہ سیلز ٹیکس کی شرح بڑھنے سے مہنگائی کی شرح بھی آئندہ مالی سال بڑھنے کا خدشہ ہو گا۔

اس کے علاوہ سیلز ٹیکس کی شرح میں اضافے سے ہزاروں اشیاء مہنگی ہونے کا خدشہ ہے، تاہم کمرشل درآمدکنندگان کیلئے درآمدی ڈیوٹیز کو 1 فیصد بڑھانے کی تجویز زیرغور ہے، کمرشل درآمدکنندگان پر ڈیوٹیز کی شرح بڑھانے سے 50 ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا۔

ایف بی آر کے ذرائع نے مزید بتایا کہ آئندہ بجٹ کیلئے تمام ٹیکس تجاویز آئی ایم ایف کیساتھ شیئر کر دی گئی ہیں، اضافی ریونیو حاصل کرنے کیلئے یہ تجاویز ابتدائی مراحل میں ہیں جن میں ردوبدل ممکن ہے، تاہم 7 سو ارب روپے مزید حاصل کرنے کیلئے مختلف تجاویز زیرغور ہیں جو جلد تیار ہوں گی۔