متعلقہ

آئندہ مالی سال عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریلیف نہ ملنے کا خدشہ – پاک لائیو ٹی وی


آئندہ مالی سال عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریلیف نہ ملنے کا خدشہ

اسلام آباد: عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے دباؤ پر وفاقی بجٹ 2024-25 میں حکومت نے آمدن بڑھانے کیلئے بوجھ عام آدمی پر ڈالنے کی تیاری کرلی ہے۔

ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال پیٹرولیم مصنوعات میں کمی کا ریلیف عوام کو منتقل نہ کیے جانے کا خدشہ ہے، پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس لگانے اور لیوی بڑھانے پر غور کیا جارہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال وفاقی آمدن بڑھانے کے لیے پیٹرولیم لیوی میں فی لیٹر 20 روپے تک اضافے کا امکان ہے، پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس لگانے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ آئندہ مالی سال پیٹرولیم مصنوعات پر پانچ فیصد سیلز ٹیکس عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے، پیٹرولیم لیوی 60 روپے سے بڑھا کر فی لیٹر 80 روپے تک کی جاسکتی ہے جبکہ آئندہ مالی سال پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس مرحلہ وار بڑھانے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ اس وقت پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس کی شرح صفر ہے، پیٹرول اور ڈیزل پر 60 روپے کے حساب سےفی لیٹرلیوی وصول کی جا رہی ہے، اگر سیلز ٹیکس لاگو اور لیوی بڑھائی جاتی ہے تو ریلیف عوام کو منتقل نہیں ہوپائے گا۔