متعلقہ

آئندہ مالی سال آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر کیلئے خصوصی اقدامات کا فیصلہ – پاک لائیو ٹی وی


آئندہ مالی سال آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر کیلئے خصوصی اقدامات کا فیصلہ

آئندہ مالی سال 25-2024 کے لیے آئی ٹی اور ٹیلی کام سیکٹر کیلئے خصوصی اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن کے ترقیاتی بجٹ میں 350 فیصد تک اضافےکی تجویز دی گئی ہے، ٹیکنالوجی کے شعبہ کیلئے 27ارب 43 کروڑ 50 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

رواں مالی سال میں آئی ٹی اور ٹیلی کم کیلئے 6 ارب روپے مختص ہیں جبکہ نئے مالی سال آئی ٹی کے 15 جاری منصوبوں کے لیے 21 ارب 15 کروڑ کی تجویز دی گئی ہے۔

اس کے علاوہ آئی ٹی کے 15 نئے منصوبوں کے لیے 6 ارب 28 کروڑ 50 لاکھ روپے مختص کیے ہیں جبکہ ٹیکنالوجی پارک ڈیولپمنٹ پراجیکٹ کے لیے 9 ارب 92 کروڑ 57 لاکھ روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

کراچی میں آئی ٹی پارک کے قیام کے لیے 6 ارب 79 کروڑ مختص کیے گئے ہیں جبکہ ڈیجیٹل اکانومی منصوبے کے لیے تین ارب 50 کروڑ، سائبر سیکیورٹی فار ڈیجیٹل پاکستان منصوبے کے لیے 1 ارب روپے، وفاقی وزارتوں اور محکموں کے اسمارٹ آفس کے منصوبے کے لیے 30 کروڑ روپے کا ترقیاتی بجٹ تجویز کیا گیا ہے۔