بجٹ 2024-25؛ ودہولڈنگ ٹیکس میں 5 فیصد کمی کی تجویز – پاک لائیو ٹی وی


بجٹ 2024-25؛ ودہولڈنگ ٹیکس میں 5 فیصد کمی کی تجویز

اسلام آباد: بجٹ 2024-25 کے لئے کارپوریٹ سیکٹر پر ودہولڈنگ ٹیکس میں 5 فیصد کمی کی تجویز ہے۔

ذرائع کے مطابق بجٹ 2024-25 کے لئے ٹیکس تجاویز پر کام جاری ہے جب کہ کارپوریٹ سیکٹر پر ودہولڈنگ ٹیکس میں 5 فیصد کمی کی تجویز کے ساتھ ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح 15 فیصد سے کم کرکے 10 فیصد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

حکام کے مطابق تجویز کا مقصد کارپوریٹ اور غیر کارپوریٹ کاروبار میں ٹیکس کا فرق ختم کرنا ہے جب کہ کارپوریٹ کمپنیوں کے منافع پر ٹیکس کی مجموعی شرح 39.65 فیصد تک ہے۔

کارپوریٹ کمپنیوں سے 29 فیصد انکم ٹیکس اور منافع کی تقسیم پر مزید 15 فیصد ٹیکس لیا جارہا ہے، غیر کارپوریٹ کمپنیوں یا بزنس پر ٹیکس کی شرح صفر سے 35 فیصد تک ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیکس کی شرح میں فرق ختم کرنے سے معیشت کو دستاویزی شکل دینے میں مدد ملے گی، اس سے مستقبل میں ٹیکس ریونیو میں بھی اضافہ متوقع ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ نان بینک فنانشل کمپنیز سے پانچ سال تک کم شرح سے ٹیکس وصول کرنے کی تجویز ہے، ٹیکس کی کم شرح نان پرافٹ آرگنائزیشن سے پرافٹ کمپنی میں تبدیلی کی صورت میں دی جاسکے گی۔

ذرائع نے کہا کہ پہلے دو سال صرف 5 فیصد ٹیکس وصول کرنے کی تجویز دی گئی ہے جب کہ اگلے چار سال ٹیکس میں 5 فیصد سالانہ اضافے کی تجویز ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ ایسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کو سپر ٹیکس وصول کرنے کا اختیار دینے کی تجویز ہے، اس وقت ایسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کو صرف کیپیٹل گین ٹیکس وصولی کا اختیار ہے۔

Exit mobile version