گاڑیوں کی رجسٹریشن کروانے والوں کیلئے بڑی خوشخبری آگئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے دستک ایپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے پنجاب کے عوام کو گھر کی دہلیز پر خدمت کا خواب دیکھا تھا اور یہ پورا ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ہر ضلع میں سہولیات فراہم کریں گے،1500بچوں کو نوکریاں دی گئی ہیں اور70 ہزار نوجوانوں کو نوکریاں دی جائیں گی جبکہ پورے پنجاب میں ایک لاکھ تک افراد کو باروزگار بنائیں گے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ 3دن کی ٹریننگ فراہم کر کے نوجوانوں کو ٹرین کیا گیا، ٹریننگ حاصل کرنے والوں میں لڑکیاں بھی شامل ہیں جو کہ خوش آئند ہے، اس وقت نوجوان ڈگریاں لے کر گھوم رہے ہیں اور انہیں نوکریاں نہیں مل رہیں، حکومت کی ذمہ داری عوام کی خدمت ہے اور ہم انشااللہ عوام کیلئے آسانیاں پیدا کریں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صحت مند پنجاب ہو گا تو ملک ترقی کرے گا، اس وقت 32 فیلڈ اسپتال دور دراز علاقوں میں کام کر رہے ہیں، عوام کیلئے کنٹینر میں منی اسپتال بنایا گیا ہے جہاں ایکسرے اور لیبارٹری کی سہولیات موجود ہیں، فیلڈ اسپتالوں سے روزانہ 6ہزار لوگوں کا علاج ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں عوام کی تکلیفوں کا بخوبی اندازہ ہے، عوام کی آسانی کیلئے اسپتالوں میں سیڑھیوں کے ساتھ لفٹر بھی لگائے جائیں گے، اس کے علاوہ 200 فیلڈ کلینکس آن ویل گلیوں میں جا کر لوگوں کا علاج کریں گے۔ روزانہ کی بنیاد پر کئی مریضوں کو کینسر اور دل کے علاج کیلئے ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اگر کسی بھی شہری کو ڈومیسائل، ای اسٹام پیپر، میرج سرٹیفکیٹ، طلاق سرٹیفکیٹ کی رجسٹریشن ، پراپرٹی ٹرانسفر، نئی گاڑی کی رجسٹریشن یا گاڑی کے ٹوکن کی ضرورت ہےتو اسے یہ سہولت گھر پر فراہم کی جائے گی، آپ ہیلپ لائن یا ویب سائٹ پر جا کر اپنی رجسٹریشن کروا کر ملاقات کیلئے وقت لیں، ٹیم آپ کے گھر آئے گی اورآپ کو سہولیات فراہم کرے گی۔