ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کھیلنے جانے والی قومی ٹیم کو سابق کھلاڑیوں نے اہم مشورے دے دیے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ جس اعتماد سے 2009 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا فائنل کھیلا تھا، ہمیں یقین تھا کہ کوئی بھی ہمیں نہیں روک سکتا۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ یونس خان کی قیادت اور فیصلوں نے ہر کھلاڑی کو اعتماد دے رکھا تھا، سیمی فائنل اور فائنل میں اپنی کارکردگی کو کبھی نہیں بھول سکتا جب کہ موجودہ ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل کھیل سکتی ہے۔
سابق کرکٹر مصباح الحق کہتے ہیں کہ 2007 کی ناکامی کا بہت دکھ تھا، 2009 میں عالمی چیمپئن بنننے پر میں سب سے زیادہ خوش تھا۔
مصباح الحق نے کہا کہ موجودہ ٹیم کو خود پر یقین رکھنا ہوگا کہ یہ ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیت سکتی ہے۔
سعید اجمل نے خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میری خواہش ہے کہ ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیت کر وطن واپس آئے۔
مایہ ناز آل راؤنڈر شعیب ملک نے کہا کہ فائنل میں جیت کے وقت کریز پر موجودگی نے خوشگوار احساس دلایا تھا۔ میں وہ لمحہ نہیں بھول سکتا جب یونس خان نے کہا کہ پہلے یہ ٹرافی آپ اٹھائیں۔
عبدالرزاق کہتے ہیں کہ 2009 کی جیت نے پاکستان کی کرکٹ پر زبردست اثرات مرتب کیے تھے، موجودہ ٹیم پندرہ سال بعد قوم کو دوبارہ خوشیاں دے سکتی ہے۔