ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے تیسرے میچ میں نمیبیا نے عمان کو سپراوور میں شکست دے دی۔
تفصیلات کے مطابق برج ٹاؤن میں کھیلے گئے میچ میں نمیبیا نے سپر اوور میں عمان کو جیت کے لیے 22 رنز کا ہدف دیا۔
نمیبیا کے ڈیوڈ ویزے نے سپر اوور میں 4 گیندوں پر 13 رنز اور کپتان جرہارڈ ایراسمس نے 2 گیندوں پر آٹھ رنز بنائے۔
سپر اوور میں 22 رنز کے ہدف کے تعاقب میں عمان کی ٹیم صرف 10 رنز بنا سکی۔
اس سے قبل نمیبیا نے ٹاس جیت کر عمان کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تو عمان کی ٹیم آخری اوور میں 109 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ خالد کیل 34 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
جواب میں نمیبیا کی ٹیم بھی مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز ہی بناسکی۔ جین فرائے لنک نے 45 اور نکولاس نے 24 رنز اسکور کیے۔