وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا ہے کہ وفاقی بجٹ سے پہلے ہمیں پیٹرول پر جی ایس ٹی کے نفاذ کا فیصلہ کرنا ہے۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آمدنی کا ہدف پورا کریں، کیسے کرنا ہے یہ ہمارا کام ہے، حکومت کو اس وقت پورا اعتماد ہے کہ ہم صحیح سمت جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف، ورلڈ بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک اور دیگر عالمی اداروں کی جانب سے مثبت اشارے مل رہے ہیں، اسٹاک مارکیٹ روز ریکارڈ بنا رہی ہے، معیشت درست سمت پر گامزن ہے۔
مصدق ملک نے کہا کہ بیرونی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بحال ہو رہا ہے، ہمارے اپنے تاجروں اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی بہتر ہو رہا ہے، معاشی طور پر سمت بہتر ہوتی چلی جارہی ہے۔