متعلقہ

برطانیہ کے بلدیاتی انتخابات میں لیبر پارٹی نے میدان مارلیا – پاک لائیو ٹی وی


برطانیہ کے بلدیاتی انتخابات میں لیبر پارٹی نے میدان مارلیا

برطانیہ کے بلدیاتی انتخابات میں لیبر پارٹی نے میدان مارلیا

لندن: برطانیہ کے بلدیاتی انتخابات میں حکمران جماعت کو بدترین شکست کا سامنا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ کے بلدیاتی انتخابات میں لیبر پارٹی 1026 نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر پرہے جب کہ لبرل ڈیموکریٹک اور کنزرویٹو پارٹی بالترتیب 505 اور 479 نشستیں حاصل کرسکیں ہیں۔

رپورٹ کے مطابق رشی سونک کے حلقے میں بھی کنزرویٹو پارٹی کو شکست کا سامنا ہے جب کہ 11 میں سے 4 میئر کے نتائج بھی سامنے آگئے ہیں جس میں لیبر پارٹی 3 میئر کی کامیابی کے ساتھ آگے ہیں۔

سب سے بڑا مقابلہ میئر آف لندن کی سب سے بڑی جیت کا اعلان آج متوقع ہے، لندن میئر اور لندن اسمبلی کے نتائج کا اعلان آج کیا جائے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق میئر لندن اور لندن اسمبلی کے لیے 40.50 فیصد ووٹ ڈالے گے ہیں، لندن اسمبلی کے لیے 6164,119 رجسٹرڈ ووٹرز میں سے 2495621 ووٹرز نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا ہے۔

لندن میئر اور لندن اسمبلی کے ووٹوں کی گنتی جاری ہے، لندن اسمبلی اور میئر کے نتائج کا اعلان آج سہ پہر یا شام کو کیا جائے گا۔

تاہم صادق خان تیسری دفعہ جیت کے لیے پر امید ہیں لیکن مقابلہ بہت سخت جاری ہے اور توقع کی جاری ہے کہ اگر وہ جیتے بھی تو بہت کم مارجن سے جیتیں گے کیونکہ مخالف امیدوار سوسن ہال کی پوزیشن بھی بہت مستحکم نظر آرہی ہے۔

دوسری جانب برطانیہ میں عام انتخابات سے قبل گذشتہ لوکل الیکشنز کے نتائج وزیراعظم رشی سوناک کے لئے ڈراؤنا خواب ثابت ہوئے ہیں۔ لیبر پارٹی نے بلیک پول ساؤتھ کی نشست بھی پارلیمانی ضمنی انتخاب میں چھین لی ہے۔

ان نتائج کے بعد رشی سوناک پر دباؤ مزید بڑھ جائے گا۔ کونسلوں کے نتائج اتوار تک مکمل ہوں گے۔

لیبر پارٹی کے لیڈر سرکیئر اسٹارمر نے کہا ہے کہ بلیک پول کے عوام نے رشی سوناک کو براہ راست پیغام دیا ہے کہ وہ اب تبدیلی چاہتے ہیں، بلیک پول نے پورے ملک کے عوام کی نمائندگی کی ہے۔

کنزرویٹو پارٹی کے چیئرمین رچرڈ ہولڈن نے کہا ہے کہ نتائج مایوس کن ہیں اور اب پارٹی مستقبل کے وژن اور کامیابی کے لئے غور کرے گی۔

تاہم انہوں نے کہا کہ حکمران جماعت کو حکومت کے درمیان ایسی صورت حال کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

لیبر پارٹی نے ہارٹ پول ، تھرک، رشمور اور ریڈچ کی کونسلوں کا کنٹرول بھی سنبھال لیا ہے، جہاں وہ توقع کر رہی ہے کہ اسے عام انتخابات میں بھی کامیابی ملے گی۔

تاہم اس بات کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں کہ مسلم آبادی والے علاقوں میں پارٹی کے غزہ کے حوالے سے موقف کے سبب اسے نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔

اولڈ ہم میں جہاں دو لیبر کونسلروں نے پارٹی کے غزہ پر موقف کے سبب پارٹی چھوڑ دی تھی وہاں لیبر پارٹی نے کونسل کا کنٹرول کھو دیا ہے۔

بلیک پول ساؤتھ کے ضمنی الیکشن میں لیبر پارٹی کے کرس ویب نے ٹوری امیدوار ڈیوڈ جونز کو شکست دی، اس نشست پر ٹوری پارٹی کو گزشتہ الیکشن میں 3,690 ووٹوں کی اکثریت حاصل تھی۔

اس پارلیمانی حلقے میں لیبر پارٹی کی طرف سوئنگ 26 فیصد رہا جب کہ ہفتہ کی صبح  تک 107 میں 102 کونسلوں کے نتائج آئے تھے۔