متعلقہ

سدھو موسے والا کے قتل کا ماسٹر مائنڈ ہلاک – پاک لائیو ٹی وی


سدھو موسے والا

سدھو موسے والا کے قتل کا ماسٹر مائنڈ ہلاک

بھارت سے تعلق رکھنے والے معروف پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے مبینہ قاتل گولڈی برار کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کی جانب سے جاری رپورٹس کے مطابق کیلیفورنیا میں مبینہ گینگ وار کے درمیان پنجابی گلوکار کے قتل میں مبینہ طور پر ملوث ایک ‘گینگسٹر’ ستویندر سنگھ عرف گولڈی برار کو امریکہ میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔

گینگسٹر کو کیلیفورنیا کے فیئرمونٹ اور ہولٹ ایونیو میں مقامی وقت کے مطابق شام 5:30 بجے گولی مار کر ہلاک کیا گیا کہ جب وہ اپنے گھر کے باہر کھڑے تھے کہ نامعلوم حملہ آوروں نے ان پر فائرنگ کردی اور موقع سے فرار ہوگئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فائرنگ کے بعد دو افراد کو زخمی حالت میں قریبی اسپتال لے جایا گیا تھا، جہاں برار کو مردہ قرار دے دیا گیا۔

خیال رہے کہ پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کو 29 مئی 2022 کو پنجاب کے ضلع مانسا کے گاؤں جواہرکے میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔ اس وقت گولڈی برار نے موسے والا کے قتل کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

بعدازاں بھارتی مرکزی وزارت داخلہ نے گینگسٹر ستوندر سنگھ عرف گولڈی برار کو غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون کے تحت دہشت گرد قرار دیا تھا۔

وزارت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، وہ سرحد پار سے ڈرون کے ذریعے اعلیٰ درجے کا اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد کی اسمگلنگ اور قتل و غارت گری کے لیے سپلائی کرنے اور شارپ شوٹرز فراہم کرنے میں ملوث رہا ہے۔