متعلقہ

وزیراعلیٰ پنجاب کا پولیس یونیفارم پہننے کا معاملہ عدالت پہنچ گیا – پاک لائیو ٹی وی


وزیراعلیٰ پنجاب کا پولیس یونیفارم پہننے کا معاملہ عدالت پہنچ گیا

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا پولیس یونیفارم پہننے کا معاملہ عدالت پہنچ گیا۔

تفصیلات کے مطابق مریم نواز شریف کے خلاف درخواست سید وقار علی شاہ نامی شہری نے دائر کی ہے۔

سید وقار علی شاہ کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت ایڈیشنل سیشن جج مظفر نواز ملک نے کی۔

سیشن کورٹ لاہور نے پولیس یونیفارم پہننے پر وزیراعلیٰ مریم نواز کیخلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست کا تحریری حکم جاری کردیا ہے۔

عدالت نے درخواست گزار سے فرنٹ ڈیسک کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت انتیس اپریل تک ملتوی کردی۔

دوسری جانب وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے مریم نواز کے یونیفارم پہننے پر تنقید کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ کے پولیس یونیفارم پہننے سے اس کے وقار میں اضافہ ہوا۔

وزیراعلیٰ پنجاب  مریم نواز کے پولیس یونیفارم پہننے پر تنقید کا قانونی جواب بھی سامنے آگیا ہے۔

پولیس رولزکے مطابق وزیراعلیٰ اور گورنر خاص مواقع پر پولیس یونیفارم پہن سکتے ہیں، پولیس آرڈر کے آرٹیکل ستائیس کے مطابق گورنر یا چیف منسٹرپریڈ کا جائزہ لیتے ہوئے، پولیس درباروں سے خطاب کرتے ہوئے، پولیس اسٹیبلشمنٹ کا دورہ کرتے ہوئے یا پولیس اہلکاروں اور دستوں کی حوصلہ افزائی کیلئے مخصوص مواقع پر یونیفارم  پہن سکتے ہیں۔