متعلقہ

ملیریا کی روک تھام اور خاتمے کیلئے مناسب اقدامات اٹھارہے ہیں، وزیراعظم – پاک لائیو ٹی وی


ملیریا کی روک تھام اور خاتمے کیلئے مناسب اقدامات اٹھارہے ہیں، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان ملیریا کی روک تھام اور خاتمے کے لئے مناسب اقدامات اٹھا رہی ہے۔

 وزیراعظم شہباز شریف نے ملیریا کے عالمی دن پر اپنے جاری کردہ پیغام میں کہا کہ ملیریا کا عالمی دن منانے میں پاکستان باقی دنیا کے ساتھ شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سال ملیریا کے عالمی دن 2024 کے موضوع کے عین مطابق ملیریا کے خلاف جنگ میں تمام اسٹیک ہولڈرز، پالیسی سازوں، ڈونرز، ہیلتھ کیئر سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو ملیریا کے خلاف جنگ میں شامل ہونا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ملیریا ہر سال 10 لاکھ سے زیادہ پاکستانیوں کو متاثر کرتا ہے، حکومت پاکستان ملیریا کے روک تھام اور خاتمے کے لئے مناسب اقدامات اٹھا رہی ہے، ہر ایک فرد کو ملیریا کی معیاری جانچ اور علاج کی مفت سہولیات تک رسائی حاصل ہونی چاہیے۔

انکا کہنا تھا کہ وزارت قومی صحت نے کامن مینجمنٹ یونٹ ملیریا، قومی اور بین الاقوامی شراکت داروں، صوبائی ہم منصبوں، این جی اوز اور نجی اسٹیک ہولڈرز کے ذریعے ملک بھر میں ملیریا کی مفت جانچ اور علاج کی سہولیات میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم نجی شعبے اور اپنے عالمی شراکت داروں کے کردار کو سراہتے ہیں، ہمیں صحت کی دیکھ بھال کے نظام کو مضبوط بنانے، معیاری تشخیص اور علاج تک رسائی بڑھانے اور ملیریا کی روک تھام اور کنٹرول کے اقدامات کی اہمیت کے بارے میں آگہی کے فروغ کے لئے  باہمی تعاون سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ بھرپور سیاسی عزم، حکمت عملی اور مناسب سرمایہ کاری کی بدولت ہم ملیریا سے پاک دنیا کے اپنے مشترکہ مقصد حاصل کر سکتے ہیں۔