پشاور: خیبر پختونخوا حکومت اور عسکری حکام نے بشام میں ہونے والے واقعے میں اسمگل شدہ نان کسٹم پیڈ گاڑی استعمال ہونے کے تناظر میں گرینڈ آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق تمام متعلقہ اضلاع میں اینٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں کی جائیں گی، نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی پرو فائلنگ اور رجسٹریشن سے متعلق معاملات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ اسمگلنگ میں معاونت فراہم کرنے والے سرکاری اہلکاروں کی فہرستیں بھی تیارکی جائیں گی جبکہ نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی اسمگلنگ کو سیکیورٹی تھرڈ قرار دیدیا گیا ہے۔
سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ اسمگلنگ میں ملوث ہونے کے شواہد ملنے کے بعد مذکورہ اہلکاروں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے گی، ان سرگرمیوں کے موثر تدارک کیلئے متعلقہ وفاقی و صوبائی محکمے اور انٹیلجنس ادارے مل کر مربوط کاروائیاں کریں گے۔
ذرائع کے مطابق صوبے میں اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے جوائنٹ چیک پوسٹوں کو مضبوط بنانے کی بھی ہدایت کردی گئی ہے اور کسٹم سمت دوسرے اداروں کی چیک ہوسٹوں کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
سرکاری ذرائع نے مزید بتایا کہ صوبے میں چلنے والی این سی پی گاڑیوں سے متعلق کوئی حتمی فیصلے کیلئے وفاق سے معاملہ اٹھایا جائے گا۔
واضح رہے کہ بشام میں چینی انجینئرز کی گاڑی پر کاربم دھماکے میں نان کسٹم پیڈ گاڑی استعمال کی گئی تھی، واقعے میں خاتون سمیت پانچ چینی انجینئرز سمیت 6 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔