وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے شہر میں تاجروں سے لوٹ مار کے بڑھتے ہوئے واقعات پر سخت نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے فوری طور پر تفصیلات طلب کرلی ہیں۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ موبائل مارکیٹ اور دیگر تجارتی مراکز کے اطراف پولیس گشت میں اضافہ کیا جائے تاکہ تاجروں کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے پولیس کو ہدایت دی ہے کہ قیمتی سامان کی چوری اور لوٹ مار کے واقعات کی روک تھام کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور اس ضمن میں تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
انہوں نے ایڈیشنل آئی جی پولیس کو حکم دیا ہے کہ تاجروں کی شکایات کو فوری حل کیا جائے اور لوٹے گئے سامان کی برآمدگی کے لیے موثر حکمت عملی اپنائی جائے۔
وزیراعلیٰ نے پولیس کو تاجروں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھنے اور ان کے ساتھ مشاورت کے ذریعے سکیورٹی کی صورتحال بہتر بنانے کی ہدایت بھی کی۔
انہوں نے واضح کیا کہ کاروباری برادری کے تحفظ کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔