پاکستان چینی سرمایہ کاروں سے 200 سے 250 ملین ڈالراکٹھا کرنےکاخواہشمند ہے،وزیرخزانہ – پاک لائیو ٹی وی



پاکستان چینی سرمایہ کاروں سے 200 سے 250 ملین ڈالر اکٹھا کرنے کا خواہشمند ہے، وزیرخزانہ

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان چینی سرمایہ کاروں سے 200 سے 250 ملین ڈالر اکٹھا کرنے کا خواہش مند ہے۔

وفاقی وزیر محمد اورنگزیب نے ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنی مارکیٹ کو چینی کیپٹل مارکیٹ سے مزید ہم آہنگ کرنے کے لیے جون تک پانڈا بانڈ جاری کرنے کا خواہاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ مصر کی طرز پر یوآن بانڈز کے اجرا کی بنک گارنٹی کے لیے ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بنک سے بات چیت چل رہی ہے، پاکستان آنے والے مہینوں میں اپنی کریڈٹ ریٹنگ کو سنگل بی میں بدلنے کے لیے پر عزم ہے، پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے چینی سرمایہ کاری بہت اہم ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان سی پیک کے اگلے فیز میں چین سے مزید تعاون کا خواہاں ہے، اگلے فیز میں اسپیشل اکنامک زونز اور زراعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی شعبوں میں وسعت لائی جائے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ چین کے نجی شعبے اور برآمدی صنعتوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنی چاہیے، چین کی بڑی کمپنیاں اپنے برآمدی یونٹس پاکستان منتقل کر کے پاکستان کو بطور برآمدی مرکز استعمال کر سکتی ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ سی پیک ٹو میں برآمدی صنعتوں کی ترجیح سے قرض ادائیگی کو آسان بنایا جائے گا، درآمدات پر استوار معیشت کے باعث پاکستان کو زرمبادلہ کی کمی اور ادائیگیوں میں عدم توازن کا سامنا ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان میں چینی کمپنیوں کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی میں اضافہ کیا جائے گا، پاکستان میں سیکیورٹی کے حالات بہتر ہوئے ہیں، عالمی کانفرنسیں ہو رہی ہیں، غیر ملکی وفود آ رہے ہیں، غیر ملکی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کے تحفظ کو یقینی بنانا حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ ساتھ ہانگ کانگ سے کاروباری شراکتوں اور ہانگ کانگ اسٹاک میں پاکستانی کمپنیوں کی شرکت کا خواہاں ہے، کاروباری شراکتوں کے لیے ہانگ کانگ کے سرمایہ کاروں کے پاکستان کے دورے کے لیے ہانگ کانگ چیف ایگزیکٹو جان لی کاچیو سے بات ہوئی ہے، باہمی شراکتوں سے دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ ہو گا۔

وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ پاکستانی کمپنیوں اور بنکوں نے روایتی طور پر ملک سے باہر لندن اسٹاک ایکسچینج میں لسٹنگ کی ہے، پاکستانی کمپنیوں اور بینکوں کو عالمی سطح پر کیپٹل اکٹھا کرنے کے لیے ہانگ کانگ کی شہرت سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔

Exit mobile version