190 ملین پاؤنڈ کیس میں پی ٹی آئی بانی کو سزا ضرور ہوگی، فیصل واوڈا – پاک لائیو ٹی وی


کراچی میں سینیٹر فیصل واوڈا نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں پی ٹی آئی بانی کو سزا ضرور ہوگی کیونکہ یہ ایک ’اوپن اینڈ شٹ کیس‘ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کیسز میں تاخیر اور بیک ڈور مذاکرات کے حوالے سے کیے جانے والے پروپیگنڈے میں کوئی صداقت نہیں۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ بعض حلقے یہ تاثر دے رہے ہیں کہ پی ٹی آئی بانی کی اہلیہ مذاکرات کی قیادت کر رہی ہیں، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ خود پی ٹی آئی رہنما اپنے بانی کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ انہوں نے 190 ملین پاؤنڈ کیس سے متعلق پی ٹی آئی بانی کو متنبہ کیا تھا کہ یہ قدم نہ اٹھائیں، کیونکہ اس سے نیب کا کیس بنے گا اور جیل کی راہ ہموار ہوگی۔

ساڑھے چار سال پہلے جب اس کیس کی اپروول دی گئی، میں وفاقی وزیر تھا۔ اس وقت بھی میں نے بانی کو روکا تھا لیکن انہوں نے دستخط کر دیے۔ اب اگر کسی نے یہ کام کروایا تھا تو کوئی بھی اسے تسلیم نہیں کرے گا۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ آنے والے دنوں میں تمام حقائق سامنے آ جائیں گے، اور اس کیس میں کوئی رعایت نہیں دی جا سکتی۔ یہ معاملہ ختم ہو چکا ہے، بانی پی ٹی آئی کو سزا ضرور ہوگی۔ جو جرم کیا گیا ہے، اس کی سزا تو بھگتنا ہوگی۔

سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنما آج بھی اقتدار کے مزے لے رہے ہیں جبکہ بانی پی ٹی آئی مشکل میں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی فارم 47 کی حکومت کو تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں تھے، مگر اب وہ خود اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کے لیے بے چین دکھائی دیتے ہیں۔

فیصل واوڈا نے واضح کیا کہ بیک ڈور مذاکرات اور کسی بھی عالمی دباؤ کی خبریں بے بنیاد ہیں، حقیقت یہ ہے کہ جو کچھ ہوا، وہ سب کے سامنے ہے، اس کا قانونی نتیجہ نکلنا لازمی ہے۔

Exit mobile version