ملک کے بیشترعلاقوں میں آج موسم سرد اور خشک رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں موسم شدید سرد رہنے کا امکان ہے، جبکہ شمال مشرقی پنجاب میں درمیانی سے شدید دھند کی پیشگوئی کی گئی ہے، اس کے علاوہ جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں ہلکی سے درمیانی دُھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شام یا رات کے اوقات میں جنوب مشرقی پنجاب اور مشرقی سندھ میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 5، فیصل اباد میں 4، سرگودھا میں 6، راولپنڈی میں 2 سینٹی گریڈ ملتان میں 5، بہاولپور میں 5 اور مری میں منفی 1 سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
اسلام آباد اور گردونواح میں آج موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے جبکہ اسلام آباد میں آج شام یا رات میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے، اس کے علاوہ بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان اور گردو نواح میں چند مقامات پرہلکی دھند پڑنے کی توقع ہے۔
اسلام اباد میں کم سے کم درجہ حرارت 1 سینٹی گریڈ، گلگت میں منفی 5، اسکردو میں منفی 9، استورمیں منفی 12 اور ہنزہ میں منفی 6 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں آج موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ بلوچستان کے پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں موسم شدید سرد رہنے کا امکان ہے، اس کے علاوہ لسبیلہ، خضدار اور قلات میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔
کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4، گوادر میں 9، قلات میں منفی 5، تربت میں 15 سبی میں 3 اور نوکنڈی میں 2 سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
پشاور میں کم سے کم درجہ حرارت 2، بنوں میں 4، ڈیرہ اسماعیل خان میں 6، ایبٹ اباد میں منفی 1، چترال میں منفی 1، سیدو شریف میں 1 اور مالم جبہ میں 2 سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
کراچی میں آج کم سے کم درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 58 فیصد ہے۔
شہر قائد میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 تا 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ رہنے کا امکان ہے، جبکہ شہر میں اس وقت شمال مشرقی سمت سے 7 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ ہفتے تک بارش کا کوئی امکان نہیں یے، آئندہ 2 روز تک سردی کی شدت کم رہے گی، جبکہ 12 جنوری سے سردی کی نئی لہر شہر کو متاثر کرے گی۔
حیدراباد میں درجہ حرارت 9، سکھ میں 6، موہنجوداڑو میں 2، مٹھی میں 1 اور نواب شاہ میں 4 سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ گھوٹکی، سکھر، خیر پور، شہید بینظیر آباد، سانگھڑ، عمرکوٹ، تھر پارکر اور گردونواح میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔