ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کے کراچی سے روانہ ہونے کے بعد شہر کی مختلف بند سڑکیں کھول دی گئی ہیں۔
ٹریفک پولیس کے مطابق گورنر ہاؤس روڈ کا ایک ٹریک ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا جبکہ لکی اسٹار سے شاہراہ فیصل جانے والا روڈ بھی کھول دیا گیا۔
اس کے علاوہ میٹروپول چورنگی سے پی آئی ڈی سی جانے والا روڈ اور ضیاءالدین احمد روڈ بھی کھول دیا گیا ہے جبکہ لکی اسٹار سے جناح اسپتال جانے والا فلائی اوور تاحال بند ہے۔
ٹریفک پولیس نے بتایا ہے کہ شہر کی اہم سڑکوں سے کنٹینرز اٹھا کر ایک طرف رکھ دیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے دورہ پاکستان کے موقع پر ٹریفک پلان تبدیل کرتے ہوئے مزید سڑکیں بند کردی گئی تھیں۔
شارع فیصل ایئر پورٹ سے پی آئی ڈی سی تک مکمل بند ہونے سے عوام کو تکلیف کا سامنا رہا اور ایم اے جناح روڈ کے دونوں ٹریکس بھی گرومندر سے گارڈن چوک تک 3 بجے سے بند تھے۔
متعدد سڑکیں بند ہونے کے باعث پیپلز بس سروس کے کئی روٹ بند رہے جن میں آر1، 9، 12 اور 11 شامل تھے۔
بعدازاں ایران کے صدر ابراہیم رئیسی پاکستان کا تین روزہ سرکاری دورہ مکمل کر کے کراچی سے تہران روانہ ہو گئے۔