احسن اقبال کی رشکئی اقتصادی زون میں رکاوٹیں دور کرنے کی ہدایت – پاک لائیو ٹی وی


وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے رشکئی اقتصادی زون میں صنعتی ترقی میں حائل تمام رکاوٹیں دور کرنے کی ہدایت دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چینی اسٹیل ملز کے آپریشن کی راہ میں موجود مسائل کو فوری حل کیا جائے تاکہ سرمایہ کاری کے فروغ اور صنعتی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔

احسن اقبال کی زیر صدارت چینی سینچری اسٹیل ملز کے حکام سے ملاقات کے دوران، وزیر نے سرمایہ کاری بورڈ، ایف بی آر اور پاور ڈویژن کو ہدایت دی کہ وہ چینی کمپنی کی آپریشنز سے متعلق مسائل کو فوری طور پر حل کریں۔

وزیر نے خیبرپختونخوا اقتصادی زونز ڈویلپمنٹ اینڈ منیجمنٹ کمیٹی کو زمینوں کی قیمتوں کے تعین کے حوالے سے اقدامات اٹھانے کی ہدایت بھی کی۔

چینی کمپنی نے فی ایکڑ اراضی کے لیے رعایتی نرخوں کی درخواست کی تھی اور اس بات پر زور دیا کہ اقتصادی زونز میں اکثر زمین مفت فراہم کی جاتی ہے، جس پر وزیر منصوبہ بندی نے مثبت ردعمل ظاہر کیا۔

وزیر نے یہ بھی کہا کہ اقتصادی زونز میں بجلی کی قیمت وہی ہوگی جو عام صارفین کے لیے ہے۔

اس کے علاوہ، وزیر منصوبہ بندی نے ایف بی آر کو فاٹا/پاٹا میں بجلی کی کھپت کا سروے کرنے کی ہدایت دی اور صنعتی کاموں میں غیر ضروری تاخیر سے بچنے کے لیے بہتر منصوبہ بندی کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے پشاور چیمبر کو اس عمل میں شامل کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ مقامی صنعتکاروں کی آراء بھی شامل کی جا سکیں۔

Exit mobile version