پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی – پاک لائیو ٹی وی



پہلا ون ڈے: پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی

پہلا ون ڈے: پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی

پارل: پاکستان نے پہلے ون ڈے میں جنوبی افریقہ کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ پارل میں کھیلا گیا جس میں میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

جنوبی افریقہ نے مقررہ 50 اوورز 9 وکٹوں کے نقصان پر 240 رنز کا ہدف دیا جس کو پاکستان نے آخری اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

جنوبی افریقہ اننگز

جنوبی افریقہ کی جانب سے ہنرک کلاسن 86 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جب کہ ایدن مارکرم 35، ٹونی ڈی زورزی 33، راین رکلٹن 36، راسی وینڈر ڈوسن 8 اور ٹرسٹن اسٹبز 1 رن بناکر آؤٹ ہوئے۔

علاوہ ازیں مارکو جانسن 10، اینڈائل پھہلوکوایو 1 اور کاگیسو رباڈا نے 11 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ اوٹنیل بارٹمین 10 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے سلمان آغا نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ابرار احمد نے 2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ شاہین آفریدی اور صائم ایوب ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔

پاکستان اننگز

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پہلی وکٹ 2 رنز پر گری جب عبداللہ شفیق صفر پر آؤٹ ہوئے، بابر اعظم 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ محمد رضوان نے ایک اور کامران غلام نے 4 رنز بنائے۔

اوپنر صائم ایوب نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا جن کا ساتھ آغا سلمان نے دیا، صائم ایوب نے ون ڈے کیریئر کی دوسری سنچری اسکور کی اور 201 رنز کے مجموعی اسکور پر 109 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

ان کے بعد آنے والے عرفان خان نے ایک رن بنایا جب کہ شاہین آفریدی کوئی رن بنائے بغیر پویلین لوٹ گئے۔

اس موقع پر آغا سلمان نے ذمہ داری سے اننگز جاری رکھی اور نسیم شاہ کے ساتھ مل کر آخری اوور میں ٹیم کو فتح دلوادی۔ آغا سلمان 82 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، نسیم شاہ بھی 9 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

جنوبی افریقہ کے کگیسو ربادا اور اوٹنیل بارٹمین نے 2 ،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ سلمان آغا کو شاندار آل راؤنڈ پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

پاکستان پلیئنگ الیون

کپتان محمد رضوان، صائم ایوب، عبداللہ شفیق، بابر اعظم ، کامران غلام، سلمان آغا، عرفان خان، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، حارث روف اور ابرار احمد۔

جنوبی افریقہ پلیئنگ الیون

کپتان ایدن مارکرم، ٹونی ڈی زورزی، راین رکلٹن، راسی وینڈر ڈوسن، ٹرسٹن اسٹبز، ہنرک کلاسن، مارکو جانسن، اینڈائل پھہلوکوایو، کاگیسو رباڈا، اوٹنیل بارٹمین اور تبریز شمسی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ٹی توئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلی گئی تھی جس میں میزبان ٹیم نے 2-0 سے جیت اپنے نام کی تھی جب کہ تیسرا اور آخری میچ بارش کی وجہ سے بے نتیجہ رہا تھا۔

Exit mobile version