عوامی مشکلات کا ادراک ہے، مسائل جلد حل کریں گے، وفاقی وزیر اطلاعات – پاک لائیو ٹی وی



عوامی مشکلات کا ادراک ہے، مسائل جلد حل کریں گے، وفاقی وزیر اطلاعات

وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ عوامی مشکلات کا ادراک ہے، مسائل جلد حل کریں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے لاہور میں کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی محبت اور پیار کا تہہ دل سے مشکور ہوں، حلقے میں جاری ریکارڈ ترقیاتی کام تکمیل کے مراحل میں ہیں، ملک میں تعمیر و ترقی مسلم لیگ (ن) کا طرہ امتیاز ہے۔

عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ عوام سے کئے گئے وعدوں کو مسلم لیگ (ن) بھولنے والی نہیں، علاقے کی تقدیر بدلنے کا خواب پورا کر رہے ہیں، جب بھی پارٹی نے کال دی، کارکنوں نے بہادری سے لبیک کہا، ہمارے کارکن بھی شیر ہیں اور انتخابی نشان بھی شیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت دن بدن ترقی کی راہ پر گامزن ہے، پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے، ملک میں ریکارڈ سرمایہ کاری ہو رہی ہے، زرمبادلہ کے ذخائر میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اسٹاک ایکسچینج نے ایک لاکھ پوائنٹس کا ریکارڈ توڑا، حکومتی پالیسیوں سے سرمایہ کاروں اور تاجروں کو فوائد مل رہے ہیں، مسلم لیگ (ن) کی حکومت پر دنیا بھر کے سرمایہ کار اور ملک اعتماد کرتے ہیں۔

 وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ میاں نواز شریف کے دور مسائل حل ہوئے، اب بھی مسلم لیگ (ن) کے دور میں عوامی مسائل حل کریں گے، مہنگائی میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، مہنگائی کی شرح میں مزید کمی لائیں گے۔

عطاءاللہ تارڑ نے یہ بھی کہا کہ تمام مشکلات حل ہو رہی ہیں، یہ حلقہ مسلم لیگ (ن) کا ہے، مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ یہاں سے کامیابی حاصل کی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ 9  مئی کو دفاعی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کو آج سزائیں سنائی گئیں، کور کمانڈر ہاﺅس سمیت دفاعی تنصیبات پر حملہ کرنے والے 25 مجرمون کو سزائیں ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ دفاعی تنصیبات کو پاکستان کی تاریخ میں کبھی بھی نشانہ نہیں بنایا گیا، پی ٹی آئی نے ملک میں تشدد کی سیاست کو فروغ دیا، آج ثابت ہو گیا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی ماسٹر مائنڈ اور منصوبہ ساز تھا۔

 عطاءاللہ تارڑنے کہا کہ یہ سیاسی دہشت گرد ہیں، سیاسی اختلاف دلیل کے ساتھ ہوتا ہے، تشدد کے ساتھ نہیں، پی ٹی آئی نے ملک میں جلاﺅ گھیراﺅ کی منفی سیاست کی بنیاد رکھی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید یہ بھی کہا کہ قومی خزانے کو پی ٹی آئی دور میں بری طرح لوٹا گیا، ملکی سالمیت کے خلاف کام کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

Exit mobile version