متعلقہ

پاکستان میں عوامی جلسے سے خطاب کرنا چاہتا تھا، ایرانی صدر – پاک لائیو ٹی وی


پاکستان میں عوامی جلسے سے خطاب کرنا چاہتا تھا، ایرانی صدر

لاہور: ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ پاکستان میں عوامی جلسے سے خطاب کرنا چاہتا تھا۔

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے اپنے دورہ پاکستان کے موقع پر آج مزار اقبال پر حاضری دی جبکہ انکو مزار اقبال سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔

اس موقع پر ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال کی شخصیت ہمارے لیے بہت اہم ہیں، علامہ اقبال کی شاعری دونوں ممالک کے درمیان پل کا کردار ادا کرتی ہے، انہوں نے امت مسلمہ کو نئی راہیں دکھائیں۔

انہوں نے کہا کہ میری خواہش تھی عوامی جلسہ سے خطاب کرتا، پاکستان آکر اجنبیت کا بالکل احساس نہیں ہوا، اپنی قوم اور مجاہدوں پر فخر ہے۔

ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ صیہونی قوتوں کے خلاف پاکستان کا مؤقف قابل تعریف ہے اور غزہ سے متعلق پاکستان کے اصولی مؤقف کو سراہتے ہیں، اسرائیل سے جنگ میں فلسطینی کامیاب ہونگے،  فلسطین پر ظلم و بربریت کرنے والا اسرائیل تباہ ہوگا۔

ابراہیم رئیسی نے مزید کہا کہ پاکستان اور ایرانی کے عوام کے درمیان گہرے تعلقات ہیں، پاک ایران رشتہ وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوگا، پاکستان میں ایران سے متعلق خاص وابستگی پائی جاتی ہے، دونوں ممالک کے عوام کے دل ہمیشہ جڑے رہیں گے۔

واضح رہے کہ ایرانی صدرابراہیم رئیسی کی لاہورآمد پر شہر میں عام تعطیل ہے، لاہور میں آج سرکاری اور نجی ادارے بھی بند ہیں، ایرانی صدر کی لاہورآمد پر مخصوص سڑکیں بند رکھی جائیں گی، ایرانی صدر شہر کے مختلف مقامات کا دورہ کریں گے۔