اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یونان میں جزیرے کے قریب پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی کو واقعے کی انکوائری کی رپورٹ جلد ازجلد پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
شہباز شریف نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ انسانی اسمگلنگ ایک اندوہناک جرم ہے جس کی وجہ سے کئی افراد کی جانیں جاتی ہیں اور ہر سال کئی گھر اجڑ جاتے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ انسانی اسمگلر ایک ایسا ظالم مافیہ ہے جو کہ غریب عوام کو جھوٹے اور سنہری خواب دکھا کر ان سے پیسے بٹورتا ہے، ایسے افراد کی شناخت کی جائے اور ان کو سخت سزائیں دی جائیں تاکہ وہ ایسے قبیح فعل کو نہ دھرائیں۔
وزیراعظم نے اس سلسلے میں تمام ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات کے مستقبل میں تدارک کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔
واضح رہے کہ یونان کے جنوبی جزیرے گیودوس میں مہاجرین کو لے کر جانے والی کشتی ڈوبنے سے 5 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ ہلاکتوں میں مزید اضافہ کا خدشہ ہے تاہم پاکستانیوں سمیت دیگر ممالک کے چند شہریوں کو بچالیا گیا ہے۔