پاکستان میں ’ایکس‘ کی بندش؛ سوشل میڈیا پلیٹ فارم کا اہم بیان سامنے آگیا – پاک لائیو ٹی وی


پاکستان میں ’ایکس‘ کی بندش؛ سوشل میڈیا پلیٹ فارم کا اہم بیان سامنے آگیا

پاکستان میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ (ٹوئٹر) کی بندش پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم کا اہم بیان سامنے آگیا ہے۔

’ایکس‘ کے مطابق وہ پاکستانی حکومت کے تحفظات پر ان کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔

ایکس کی جانب سے یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب اسلام آباد ہائی کورٹ میں وزارت داخلہ نے ایکس بندش پر جواب جمع کرواتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ پاکستان میں ایکس کو قومی سلامتی کے خدشات پر بند کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں وزارت داخلہ نے کہا کہ ایکس کی بندش کا فیصلہ قومی سلامتی اور امن و امان کی صورت حال کو برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا۔

حکومتی رپورٹ میں کہا گیا کہ ایکس پاکستان میں رجسٹرڈ ہے نہ ہی پاکستانی قوانین کی پاسداری کے معاہدے کا شراکت دار ہے، ایکس کی جانب سے پلیٹ فارم کے غلط استعمال سے متعلق حکومت پاکستان کے احکامات کی پاسداری نہیں کی گئی جس کے باعث پابندی لگانا ضروری تھا۔

وزارت داخلہ کے مطابق ایکس حکام کا عدم تعاون ایکس کیخلاف ریگولیٹری اقدامات بشمول عارضی بندش کا جواز ہے،حکومت کے پاس ایکس کی عارضی بندش کے علاوہ کوئی اور راستہ موجود نہیں۔

وزارت داخلہ نے انکشاف کیا کہ شدت پسندانہ نظریات اور جھوٹی معلومات کی تشہیر کیلئے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے، چند شر پسند عناصر کی جانب سے امن و امان کو نقصان پہنچانے اور عدم استحکام کو فروغ دینے کیلئے ایکس کو بطور آلہ استعمال کیا جا رہا ہے۔ ایکس کی بندش کا مقصد آزادی اظہار رائے یا معلومات تک رسائی پر قدغن لگانا نہیں ہے۔

وزارت داخلہ نے دلیل دی کہ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر دنیا بھر میں مختلف ممالک کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پابندی عائد کی جاتی ہے، ایکس کی بندش کیخلاف درخواستوں کو خارج کردیا جائے۔

واضح رہے کہ رواں برس 17 فروری کو وزارت داخلہ نے ایکس پر پابندی عائد کی تھی۔

Exit mobile version