ملک میں مہنگائی کی شرح میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔
ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 0.55 فیصد کا اضافہ ہوگیا۔
ایک ہفتے میں 24 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، 6 اشیاء کی قیمتوں میں کمی جبکہ 21 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
ایک ہفتے میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 23 روپے سے زیادہ کا اضافہ، انڈوں کی قیمت میں فی درجن 16 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ایک ہفتے میں لہسن فی کلو27 روپے تک مہنگا ہوا، ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 36 روپے تک مہنگا ہوا، چینی کی فی کلو قیمت میں 2 روپے تک اضافہ ہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق برانڈڈ گھی فی کلو 10 روپے تک مہنگا ہوا، 5 کلو والے برانڈڈ گھی کی قیمت میں 17 روپے تک اضافہ ہوا۔
اس کے علاوہ گڑ، پیاز، آلو، تازہ دودھ، دالیں اور جلانے کی لکڑی بھی مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔