وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد وزارت مذہبی امورمتحرک ہوگئی، حج پالیسی 2025 کا آئندہ چند روز میں اعلان کردیا جائیگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت مذہبی امورنے تیاریاں مکمل کرلیں،وزیرمذہبی امورکی وطن واپسی کیساتھ ہی حج پالیسی کا اعلان کیا جائے گا، وزارت مذہبی امورنے چند شرائط کے ساتھ حج پالیسی مرتب کرکے کابینہ کو بھجوائی جسے منظورکیا گیا۔
حج پالیسی میں حج پیکیج اقساط کیساتھ لینے کی اسکیم بھی متعارف کروا دی گئی، حج پیکیج کو زیادہ سے زیادہ تین اقساط کے تحت لیا جاسکے گا، حج پیکیج کی رقم یکشمت کی بجائے ابتدائی تقریباً 2 لاکھ فیس کیساتھ درخواست جمع کرائی جاسکے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حج قرعہ اندازی میں نام آنے کے بعد 50 فیصد رقم کی ادائیگی لازمی ہوگی، دیگررقم حج فلائٹ سے کم از کم اڑھائی ماہ پہلے متعلقہ بینک میں جمع کرانا لازمی ہوگا، 12 سال سے کم عمراورمختلف بیماریوں کے شکارافراد بھی حج پرنہیں جاسکیں گے۔
دوران حج انتقال کی صورت میں زرتلافی کی رقم میں بھی 100 فیصد اضافہ کردیا گیا۔ دوران حج انتقال کی صورت میں زر تلافی کی رقم 10 لاکھ سے بڑھا کر20 لاکھ کردی گئی۔ پرائیویٹ حج آرگنائززکوہرحاجی کی انشورنس لازمی کرانے کا بھی پابند کردیا گیا ہے۔
خواتین کومحرم کے بغیرحج پرجانے کی پالیسی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، شادی شدہ خواتین کوشوہرسے اورغیرشادی شدہ خواتین کو والدین سے اجازت نامہ لینا لازم ہوگا۔