اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمنٹ کی راہداریوں میں میڈیا کی طرف سے موبائل کے استعمال پر پابندی عائد کردی۔
ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق قومی اسمبلی ایوان کی موبائل فوٹیج یا تصویر بنانے پر پہلے ہی پابندی عائد ہے، بعض صحافی حضرات پارلیمنٹ کی راہداریوں میں اراکین کو روک کر ان کی رضامندی کے بغیر انٹرویو/تاثرات ریکارڈ کرتے ہیں۔
بعض صحافی ویڈیوز کو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرتے ہیں، صحافیوں کے اس طرز عمل پر اراکین پارلیمنٹ نے شدید تحفظات اور برہمی کا اظہار کیا ہے، ارکان نے اس معاملے کو اسپیکر ق ومی اسمبلی کے نوٹس میں بھی لایا ہے۔
اس ضمن میں پارلیمنٹ ہاؤس کے اندر کسی بھی قسم کی ویڈیو بنانے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس فیصلے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے موبائل فون ضبط، ان کے پریس گیلری کارڈ منسوخ کیے جاسکتے ہیں۔
راہداریوں میں موبائل ویڈیوز بنانے والے صحافیوں پر پارلیمنٹ ہاؤس میں ان کے داخلے پر پابندی لگائی جا سکتی ہے، تمام پارلیمنٹری رپورٹرزپارلیمنٹ ہاؤس کے اندر کسی بھی قسم کی ویڈیو بنانے سے گریز کریں۔