متعلقہ

بھارت، مغربی بنگال اور اُڑیسہ کو شدید سمندری طوفان دانا کا خطرہ – پاک لائیو ٹی وی


نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) نے مغربی بنگال میں 14 ٹیموں اور اُڑیسہ میں 11 ٹیموں کو تعینات کیا ہے۔

بھارتی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے آج کہا کہ مشرقی بھارت کی ریاستوں مغربی بنگال اور اُڑیسہ کو سمندری طوفان دانا سے خطرہ لاحق ہے ، جو جمعرات کی رات اور جمعہ کی صبح کے درمیان پوری اور ساگر جزیرے کے درمیان 120 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہواؤں کے ساتھ ٹکرانے کا امکان ہے۔

بھارت کے کابینہ سکریٹری ٹی وی سومناتھن نے آنے والے سمندری طوفان سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے نیشنل کرائسس مینجمنٹ کمیٹی کے ہنگامی اجلاس کی صدارت کی۔

آئی ایم ڈی کے ڈائریکٹر جنرل نے اجلاس کو بتایا کہ مشرقی وسطی خلیج بنگال پر کم دباؤ کا علاقہ 22 اکتوبر تک شمال مغرب کی طرف بڑھنے اور دباؤ میں تبدیل ہونے اور اگلے دن تک سمندری طوفان دانا میں تبدیل ہونے کا امکان ہے۔

آئی ایم ڈی نے کہا کہ اس کے بعد، یہ 24 اکتوبر کی صبح تک اُڑیسہ مغربی بنگال کے ساحلوں پر پہنچ جائے گا۔ یہ طوفان 24 اکتوبر کی رات اور 25 اکتوبر کی علی الصبح اُڑیسہ اور مغربی بنگال کے ساحلوں پر پوری اور ساگر جزیرے کے درمیان 120 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے ساتھ ایک شدید سمندری طوفان کے طور پر ٹکرائے گا۔

بھارتی کابینہ سیکریٹریٹ نے خبردار کیا ہے کہ ماہی گیروں سے کہا گیا ہے کہ وہ سمندر میں نہ جائیں اور سمندر میں موجود ماہی گیروں کو محفوظ مقامات پر بلا لیا گیا ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) نے مغربی بنگال میں 14 ٹیموں اور اُڑیسہ میں 11 ٹیموں کو تعیناتی کے لئے تیار رکھا ہے۔ آرمی، نیوی اور کوسٹ گارڈ کی امدادی ٹیموں کے ساتھ ساتھ بحری جہازوں اور ہوائی جہازوں کو بھی تیار رکھا گیا ہے۔