متعلقہ

نعمان علی 10 وکٹیں لینے والے پاکستان کے معمر ترین کھلاڑی بن گئے – پاک لائیو ٹی وی


نعمان علی 10 وکٹیں لینے والے پاکستان کے معمر ترین کھلاڑی بن گئے

نعمان علی 10 وکٹیں لینے والے پاکستان کے معمر ترین کھلاڑی بن گئے

انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں فتح دلوانے والے قومی اسپنر نعمان علی 10 وکٹیں لینے والے پاکستان کے معمر ترین کھلاڑی بن گئے ہیں۔

پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان 3 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جارہی جس کے دوسرے ٹیسٹ میں فتح حاصل کرکے پاکستان نے سیریز 1-1 سے برابر کردی ہے۔

اس میچ میں قومی اسپنرز کا جادو سر چڑھ کر بولا اور تمام ہی وکٹیں ان کے حصے میں آئیں، پہلی اننگز میں ساجد خان نے 7 اور نعمان علی نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

دوسری اننگز میں نعمان علی نے انگلش بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑادیے اور 8 وکٹیں وہ اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے جب کہ بقیہ دو وکٹیں ساجد خان کے حصے میں آئیں۔

اس میچ میں نعمان علی نے کچھ منفرد ریکارڈ اپنے نام کیے ہیں، وہ 10 وکٹیں لینے والے دوسرے پاکستانی لیفٹ آرم اسپنر بن گئے ہیں جب کہ انہیں 10 وکٹیں لینے والے پاکستان کے معمر ترین کھلاڑی کا اعزاز بھی حاصل ہوگیا ہے۔

علاوہ ازیں نعمان علی کی دوسری اننگز میں 8 وکٹیں ٹیسٹ میچ کی چوتھی اننگز میں کسی بھی پاکستانی اسپنر کی بہترین بولنگ ہے۔