متعلقہ

آئینی ترمیم جسٹس منصور سے متعلق نہیں ہے، مصدق ملک – پاک لائیو ٹی وی


آئینی ترمیم جسٹس منصور سے متعلق نہیں ہے، مصدق ملک

وفاقی وزیر پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ آئینی ترمیم جسٹس منصور سے متعلق نہیں ہے۔

وفاقی وزیر پٹرولیم مصدق ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئینی ترمیم پر مولانا فضل الرحمان سے بات بن جائے گی، آئینی ترمیم جسٹس منصور سے متعلق نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم مولانا کی بات سن رہے ہیں، وہ ہماری بات سن رہے ہیں، کچھ دن پہلے مولانا نے کہا تھا کہ کالے ڈبے میں سے کوئی کالا کاغذ نکلا، وہ کالا ڈبہ پھر ہرا ہوا پھر سفید ہوا اب آگے پراسیس چل رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم دونوں پیپلز پارٹی کی بھی بات سن رہے ہیں، سپریم کورٹ کے ایک فیصلے کا دوسرے سے سر پیر نہیں ملتا، پی ٹی آئی کے ساتھ مولانا نے ابھی تک ایک پیج کی بات نہیں کی۔

مصدق ملک نے مزید کہا کہ ابھی تک مولانا فضل الرحمان اور پی ٹی آئی کی بات چیت چل رہی ہے۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں آج آئینی ترامیم پیش کیے جانے کے امکانات معدوم ہیں۔

ذرائع کے مطابق مجوزہ آئینی ترمیمی بل کی منظوری کے لیے وفاقی کابینہ کا اجلاس تاحال طلب نہیں کیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی میں تاحال مشترکہ مسودے پر مکمل اتفاق نہیں ہوا، اختلافی نکات پر آج مزید مشاورت ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سیاسی قیادت کی ملاقاتوں کے علاوہ خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں اتفاق رائے کی کوشش کی جائے گی۔اتفاق رائے نہ ہوا تو حکومت اپنے اتحادیوں کی مدد سے آئینی ترامیم کر لے گی۔

ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے جے یو آئی اور اپوزیشن جماعتوں کی مدد کے بغیر دو تہائی اکثریت حاصل ہونے کا دعویٰ کیا جارہا ہے جبکہ حکومتی جماعتیں الیکشن کمیشن کی جانب سے مخصوص نشستیں ملنے کے لیے بھی پُر امید ہیں۔