متعلقہ

اداکارہ ثروت گیلانی کا نوجوانوں کو 30 سال کی عمر میں شادی کرنے کا مشورہ – پاک لائیو ٹی وی


اداکارہ ثروت گیلانی کا نوجوانوں کو 30 سال کی عمر میں شادی کرنے کا مشورہ

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ و میزبان ثروت گیلانی نے نوجوانوں کو 30 سال کی عمر میں شادی کرنے کا مشورہ دیدیا۔

حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں معروف اداکارہ و میزبان ثروت گیلانی نے کہا کہ آج کل کے دور میں شادیوں کا نظام ختم ہو رہا ہے، جس کی متعدد وجوہات ہیں، جنہیں سمجھنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کل ہر چیز میں آسانی ہوگئی، ہر شے تک جلد رسائی سمیت سہولیات کا عام ہونا بھی شادیوں کی ناکامی ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ انسان کی اپنی سوچ اور پیمانے سب سے اہم ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ارینج اور محبت کی شادی کے اپنے اپنے مسائل ہیں، ارینج میرج میں میاں اور بیوی کو ایک دوسرے سے زیادہ توقعات نہیں ہوتیں جب کہ محبت کی شادی میں ایک دوسرے سے توقعات ہوتی ہیں،جن کے پورے نہ ہونے پر دکھ ہوتا ہے۔

ثروت گیلانی نے کہا کہ شادی کرنے میں جلد بازی نہیں کرنی چاہیے، ہر کسی کو 20 نہیں 30 سال کی عمر میں شادی کرنی چاہیے، کیونکہ 20 سال کی عمر میں ذہنی پختگی نہیں آتی، اچھی طرح مسائل کو سمجھنا اور انہیں حل کرنا مشکل لگتا ہے، یہ کہنا غلط ہے کہ کم عمری میں شادی کی جائے تاکہ بچے اور ماں ایک ساتھ بڑے ہوں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ہمارے سماج میں لڑکی 25 سال کی ہوتی ہے تو ہر کوئی یہ کہنے لگتا ہے کہ ان کی عمر زیادہ ہوگئی، اس سے کون شادی کرے گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ’جنسیت‘ اور ’جنسی رجحانات‘ پر بات کرنا گناہ سمجھا جاتا ہے، ہمارے والدین اور بڑے بھی مذکورہ موضوع کوغلط اور گناہ سمجھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی معاشرے میں جنسی معاملات پر بات کرنا گناہ اور معیوب عمل سمجھا جاتا ہے جب کہ جنسی تعلیم ایک پوری سائنس ہے، والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کو اس کی تعلیم دیں۔

ثروت گیلانی نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ باپ اور ماں دونوں اپنے بچوں کو جنسی تعلیم دیں اور انہیں شعور دیں کہ بلوغت کے بعد جسم میں کیا تبدیلیاں آتی ہیں، والد کو اپنے بیٹے سے نہ صرف بلوغت پر بات کرنی چاہیے بلکہ انہیں جنسی عمل سے متعلق بھی سمجھائیں کہ وہ کیا عمل ہے، کتنا غلط عمل ہے اور انہیں کسی خاتون کے ساتھ ایسا کب کرنا چاہیے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ اسی طرح ماں کو اپنی بیٹیوں کو سمجھانا چاہیے کہ ماہواری کیا ہوتی ہے، بلوغت کے بعد لڑکی کے جسم میں کیا تبدیلیاں آتی ہیں اور جنسی عمل کے کیا نقصانات یا فوائد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے سماج میں والدین ہی اپنے بچوں سے جنسیت اور جنسی عمل سمیت تولیدی صحت پر بات نہیں کرتے اور مذکورہ موضوعات کو غلط سمجھا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب انہیں پہلی ماہواری آئی تب انہیں ان کی ساتویں کلاس کی استانی نے معلومات دیں جب کہ ان کی والدہ نے انہیں کچھ نہیں بتایا تھا، کاش انہیں والدہ سب کچھ سمجھا دیتیں تو انہیں پریشانی نہ ہوتی، کیوں کہ انہیں یہ ڈر لگ رہا تھا کہ انہیں کوئی چوٹ ہی نہیں لگی تو ان کے جسم سے خون کیوں نکل رہا ہے؟

اداکارہ ثروت گیلانی کے مطابق انہوں نے اپنے 9 اور 7 سال کے بچوں کو واضح بتایا اور سمجھایا ہے کہ اس دنیا میں بچے کیسے آتے ہیں۔