متعلقہ

دہشت گردی پر شدید تشویش ہے، مذمت کا لفظ چھوٹا ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان – پاک لائیو ٹی وی


دہشت گردی پر شدید تشویش ہے، مذمت کا لفظ چھوٹا ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ دہشت گردی پر شدید تشویش ہے، مذمت کا لفظ چھوٹا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں سافٹ ٹارگٹ تلاش کرکے لوگوں کو شہید کیا گیا۔ دہشت گردی پر شدید تشویش ہے، مذمت کا لفظ چھوٹا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں 30 ہزار سے زائد کان کن مائنز میں کام کررہے ہیں، ہمارا عزم ہے کہ پرامن ماحول دیں گے جب کہ ریاستی ادارے ملک کے چپے چپے کی حفاظت کرتے ہیں۔

سرفرازبگٹی کا کہنا تھا کہ دہشت گرد کسی ایک جگہ کو ڈھونڈ کر حملہ کرتے ہیں، میرے استعفیٰ سے دہشت گردی رک جاتی ہے تو لمحہ نہیں لگاؤں گا۔

انہوں نے بتایا کہ ڈی سی ذاکر کے قتل میں ملوث 6 حملہ آوروں کو ہلاک کیا گیا، دہشت گردی کے مسئلے کا حل پالیسی کے تسلسل میں ہے اور دہشت گردی کے خلاف اتفاق رائے پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

سرفرازبگٹی کا مزید کہنا تھا کہ تربت میں سیکیورٹی فورسز نے 280 کلو بارود برآمد کیا، تربت سے برآمد بارود پھٹ جاتا تو پورا شہر متاثر ہوتا۔