ملتان: پاکستان کے 556 رنز کے جواب میں انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 492 رنز بنالیے۔
پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری ہے جس میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
تیسرے دن کے کھیل کے اختتام تک انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 492 رنز اسکور کرلیے ہیں تاہم انگلینڈ کو پہلی اننگز میں پاکستان کا خسارہ ختم کرنے کے لیے مزید 64 رنز درکار ہیں۔
انگلینڈ کی پہلی اننگز
انگلینڈ کی جانب سے جو روٹ اور ہیری بروک نے شاندار سنچریاں اسکور کرتے ہوئے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کرلی ہے۔
جو روٹ 12 چوکوں کی بدولت 176 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں جب کہ ان کا ساتھ ہیری بروک دے رہے ہیں جو ایک چھکا اور 12 چوکوں کی مدد سے 141 رنز بناچکے ہیں۔
علاوہ ازیں بین ڈکٹ 11 چوکوں کی مدد سے 84 رنز بناکر عامر جمال کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، زیک کرالی نے 14 چوکوں کے ساتھ 78 رنز کی اننگز کھیلی جس کے بعد وہ شاہین آفریدی کی گیند پر عامر جمال کو کیچ دے بیٹھے۔
انگلش کپتان اولی پاپ بغیر کوئی رن بنائے ہی نسیم شاہ کی گیند پر کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے تھے جب کہ عامر جمال نے ان کا ناقابل یقین کیچ پکڑ کر سب کو حیران کردیا تھا۔
پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی، عامر جمال اور نسیم شاہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ہے۔
پاکستان کی پہلی اننگز
قومی ٹیم کھیل کے دوسرے دن 556 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی تھی جب کہ سلمان علی آغا 3 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 104 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے تھے۔
کپتان شان مسعود نے 151 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جب کہ اوپنر عبداللہ شفیق 102 رنز بناکر پویلین لوٹے تھے، سعود شکیل 82، نسیم شاہ 33 اور بابر اعظم 30 بناکر آؤٹ ہوئے تھے۔
علاوہ ازیں صائم ایوب 4، محمد رضوان صفر، عامر جمال 7، ابرار احمد 3 اور شاہین آفریدی نے 26 رنز کی اننگز کھیلی۔
انگلینڈ کی جانب سے جیک لیچ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، گس اٹکنسن، برائیڈن کارس کے حصے میں 2،2 وکٹیں آئیں جبکہ شعیب بشیر اور جو روٹ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ ملتان میں اب تک دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف ایک ایک ٹیسٹ جیت چکی ہیں جب کہ دوسرا ٹیسٹ بھی ملتان ہی میں شیڈول ہے۔
پاکستان پلیئنگ الیون
کپتان شان مسعود، نائب کپتان سعود شکیل، صائم ایوب، عبداللہ شفیق، بابر اعظم، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا، عامر جمال، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور ابرار احمد۔
انگلینڈ پلیئنگ الیون
کپتان اولی پوپ، جیمی اسمتھ (وکٹ کیپر)، زیک کرالے، بین ڈکٹ، جو روٹ، ہیری بروک، کرس ووکس، گس ایٹکنسن، بریڈن کرس (ڈیبیو)، جیک لیچ اور شعیب بشیر۔