سوات کے علاقے چارباغ میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں سرغنہ عطااللہ عرف مہران سمیت 3 خوارج مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے 4 اور 5 اکتوبر کی درمیانی شب ڈسٹرکٹ سوات کے علاقے چار باغ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔
آپریشن کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں خارجیوں کے سرغنہ عطا اللہ مہران سمیت تین خوارج ہلاک ہوگئے جبکہ ایک خارجی کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
خارجی عطا اللہ مہران 22 ستمبر 2024 کو غیرملکی سفیروں کے قافلے میں موجود پولیس وین پردھماکہ خیز مواد سے حملے سمیت علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود کسی بھی خارجی کو ختم کرنے کے لیے آپریشن کیا گیا۔
سیکیورٹی فورسز قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔