امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیل پر ایرانی میزائل حملوں کے جواب میں ایران کی جوہری تنصیبات پر حملوں کی حمایت سے انکار کردیا۔
بین الاقوامی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن کا کہنا ہے کہ اسرائیل پر واضح کردیا ہے کہ ایران کی جوہری تنصیبات پر اسرائیلی حملوں کی حمایت نہیں کریں گے،جوہری تنصیبات پر حملوں سے خطے میں انتہائی خوفناک صورتحال رونما ہو سکتی ہے۔
جو بائیڈن نے زور دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ اسرائیل کی مکمل حمایت جاری رکھے گا اور ایرانی میزائل حملوں کے جواب میں ایران پر مزید اقتصادی پابندیاں لگائی جائیں گی۔
امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ کینیڈا، جرمنی، جاپان، برطانیہ، فرانس اور اٹلی سمیت جی سیون ممالک ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کے حق میں نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے میزائل حملے کے بعد مشرق وسطیٰ میں کشیدگی خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے، جو پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔
جو بائیڈن نے کہا کہ جی سیون ممالک نے اسرائیل پر میزائل حملے کے بعد ایران کے خلاف نئی اور سخت اقتصادی پابندیاں لگانے پر اتفاق کیا ہے جس پر جلد ہی عملدرآمد کیا جائے گا۔