پاکستان نے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں کمی اور تنازعات کے حل کا مطالبہ کر دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مشرق وسطیٰ میں کشیدہ صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تمام فریقین سے امن کو ترجیح دینے کا مطالبہ کرتا ہے۔
ترجمان کے مطابق اسرائیل نے بین الاقوامی قوانین اور یو این چارٹر کی خلاف ورزیاں کیں اور اسرائیلی خلاف ورزیوں سے سنگین انسانی بحران نے جنم لیا۔
اسرائیل نے علاقائی امن وسلامتی کو خطرے میں ڈال رکھا ہے، غزہ میں نسل کشی سے علاقائی امن وسلامتی خطرے میں ہے۔
لبنان پر حالیہ حملے سے کشیدگی میں شدت آئی ہے فلسطین اور لبنان کےعوام تشدد سے پاک زندگیاں گزارنے کا حق رکھتے ہیں۔
بین الاقوامی برادری کشیدگی میں کمی کے لیے فوری کارروائی کرے، تمام فریقین کو موجودہ صورتحال میں ایک قدم پیچھے ہٹنا ہو گا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل لبنان کی سلامتی وخود مختاری کو یقینی بنائے، سلامتی کونسل غزہ میں انسانی بحران کا خاتمہ کرے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے لیے دو ریاستی حل کا حامی ہے، پاکستان مسئلہ فلسطین کے منصفانہ اور جامع حل کے مطالبے کی حمایت کرتا ہے۔