متعلقہ

حکومت اب پاور سیکٹر میں سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، اویس لغاری – پاک لائیو ٹی وی


حکومت اب پاور سیکٹر میں سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، اویس لغاری

وفاقی وزیر برائے توانائی اویس لغاری کا کہنا ہے کہ حکومت اب پاور سیکٹر میں سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔

 وفاقی وزیر برائے توانائی اویس لغاری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات پر کام کر رہے ہیں، کوشش ہے اصلاحات سے توانائی کے شعبے میں بہتری لائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں توانائی کے شعبے میں پالیسیز کا عدم تسلسل رہا، حکومت اب پاور سیکٹر میں سنجیدہ اقدامات کررہی ہے، توانائی کے شعبے میں اقدامات کے دور رس نتائج نکلیں گے۔

اویس لغاری نے کہا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں بہتری لا رہے ہیں، مسائل کی نشاندہی کر لی ہے، کچھ عرصے میں مشکلات پر قابو پالیں گے۔

وفاقی وزیر برائے توانائی نے کہا کہ سال 2034 تک ہمیں 2700 میگاواٹ اضافی بجلی کی ضرورت ہے، یہ بجلی ہائڈل پاور اور سولرانرجی سے حاصل کی جاسکتی ہے، پالیسی میکنگ پاور ڈیژن کو سنجیدہ کوشش کرنا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ 3 ارب ڈالر ہم ڈیم سے بجلی ٹرانسمیشن پر خرچ کر رہے ہیں، ہمیں بجلی کی قیمتوں کو مستحکم اور کم کرنے کی ضرورت ہے، پہلی بار پاور سیکٹر کی فالٹ لائنز کو ریکگنائز کیا گیا ہے۔

اویس لغاری نے کہا کہ شرح سود میں اضافہ اور ڈالر کی قیمت میں اضافے سے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 100 روپے پر جب ڈالر تھا اب ڈھائی سو روپے سے اوپر ہے۔

وفاقی وزیر برائے توانائی نے کہا کہ تجارتی خسارہ بڑھنے کے اثرات بھی توانائی کے سیکٹر میں دیکھا جارہا ہے، جسکی وجہ سے بجلی صارفین کو پر یونٹ بجلی قیمت میں اضافہ برداشت کرنا پڑا۔