صدرمملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ قوموں کا مقدر بدلنے میں تعلیم اور خواندگی کا اہم کردار ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے عالمی یومِ خواندگی کے موقع پراپنے پیغام میں کہا کہ تعلیم اور خواندگی ہماری قوم کے مستقبل کی بنیاد ہیں، جبکہ آئین کے آرٹیکل 25 اے کے مطابق تعلیم ہر انسان کا بنیادی حق ہے۔
صدرمملکت نے کہا کہ آج ہم ہر شہری کو تعلیم فراہم کرنے کے عہد کی تجدید کرتے ہیں، پاکستان نے ناخواندگی کے مسئلے کے پیش ِنظرقومی تعلیمی ایمرجنسی کا اعلان کیا۔
صدرمملکت نے کہا کہ تعلیمی ایمرجنسی کا مقصد اسکول نہ جانے والے بچوں کو اسکولوں میں داخل کرنا، 7 کروڑ بالغ افراد کو تعلیم دینا ہے، ہرخواندہ شہری سے اپیل ہے کہ وہ کم از کم ایک ناخواندہ شخص کو تعلیم دے۔
صدرمملکت نے کہا کہ خواندگی میں اضافے کیلئے بے نظیر تعلیمی وظائف دیئے جارہے ہیں، مستحق بچوں کو اعلیٰ ثانوی سطح تک تعلیمی وظائف کی صورت میں مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے، اس کے علاوہ تمام اضلاع میں لڑکوں کے لیے 4000 اور لڑکیوں کے لیے 4500 روپے تک فی سہ ماہی وظیفے دیئے جا رہے ہیں۔
صدرمملکت نے اپنے پیغام میں یہ بھی کہا کہ اس وقت 97 لاکھ بچے بے نظیر تعلیمی وظائف پروگرام سے مستفید ہو رہے ہیں، کم آمدنی والے خاندانوں کے طلبہ کو 102,000 انڈرگریجوایٹ اسکالرشپس دی گئی ہیں۔
صدرمملکت نے کہا کہ ہمیں تعلیم کے عالمگیر حق کے فروغ کے قومی مقصد کے لیے خود کو دوبارہ وقف کرنا ہوگا، ملک کے مستقبل کی تشکیل میں ہر فرد کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔