متعلقہ

حکومت سمیڈا کی فعالیت کیلئے بزنس کمیونٹی سے بھی مشاورت کرے، عاطف اکرام شیخ – پاک لائیو ٹی وی


حکومت سمیڈا کی فعالیت کیلئے بزنس کمیونٹی سے بھی مشاورت کرے، عاطف اکرام شیخ

صدرایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے وزیراعظم کے سمیڈا کی فعالیت کے فیصلے پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ حکومت سمیڈا کی فعالیت اور ایس ایم ایز کے فروغ کیلئے بزنس کمیونٹی سے بھی مشاورت کرے۔

عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی فعالیت معیشت کی بحالی کیلئے اہم ہے، جبکہ چھوٹے اوردرمیانے درجے کے کاروبار ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔

صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت 52 لاکھ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار موجود ہیں، ایس ایم ایز کا ملکی جی ڈی پی میں حصہ 40 فیصد، جبکہ 31 فیصد برآمدات ایس ایم ایز پر منحصر ہیں۔

عاطف اکرام شیخ نے یہ بھی کہا کہ زراعت کو چھوڑ کر ایس ایم ای سیکٹر ملک میں 72 فیصد ملازمتیں مہیا کر رہا ہے، چھوٹی صنعتوں کو گلوبل سپلائی چین کا حصہ بنانے کیلئے مربوط اقدامات کی ضرورت ہے۔

صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ ملک میں خوراک کی ویلیو ایڈیشن کے شعبے میں سرمایہ کاری نہ ہونے کے برابر ہے، بہتر پروسیسنگ اور خوراک کی ویلیو ایڈیشن کے ذریعے برآمدات میں نمایاں اضافہ کیا جا سکتا ہے، حکومت ایس ایم ایز کیلئے کریڈٹ میں کم سے کم تین گنا اضافہ کرے۔