متعلقہ

مسلسل چار ہفتوں سے جاری مہنگائی کو بریک لگ گئی – پاک لائیو ٹی وی


مسلسل چار ہفتوں سے جاری مہنگائی کو بریک لگ گئی

اسلام آباد: ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.12 فیصد کی کمی کے ساتھ ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح 18.41 فیصد پر آگئی۔

ادارہ شماریات نے ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کردیے ہیں، ایک ہفتے میں 24 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ، 7 اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 20 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

ادارہ شماریات کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.12 فیصد کی کمی ہوئی جب کہ ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح 18.41 فیصد پر آگئی۔

ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 25 روپے تک اضافہ ہوا، انڈے کی فی درجن قیمت میں 4 روپے سے زائد کا اضافہ ہوا اور دال چنا 3 روپے تک مہنگی ہوئی۔

ادارہ شماریات نے بتایا کہ لہسن کی فی کلو قیمت میں دو روپے سے زیادہ کا اضافہ ہوا، ایک ہفتے میں آلو، پیاز، دہی، دال مسور، دال ماش، تازہ دودھ بھی مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔

ادارہ شماریات نے مزید بتایا کہ ایک ہفتے میں پیٹرولیم مصنوعات سستی ہوئیں، بجلی 1 روپے 18 پیسے سستی ہوئی جب کہ آٹے کا 20 کلو تھیلا 23 روپے تک سستا ہوا۔