سوزوکی آلٹو خریدنے کے خواہشمندوں کیلئے بڑی خوشخبری آگئی ہے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق سوزوکی موٹر کارپوریشن اگلے 10 سال کے عرصے میں آلٹو گاڑی کا وزن 15 فیصد کم کر دے گی جس کا مقصد گاڑی کی توانائی کے استعمال کو کم سے کم رکھنا ہے۔
آلٹو گاڑی کا وزن 680 کلوگرام ہے جو وقت کے ساتھ تبدیلی کے بعد 100 کلوگرام کم ہو جائے گا اور اس تبدیلی سے نہ صرف گاڑی کی فیول ایوریج بہتر ہو گی بلکہ اس کی لاگت میں بھی کمی واقع ہو گی۔
سوزوکی کارپوریشن کے مطابق گاڑی کے وزن میں 200 کلوگرام کی کمی مینوفیکچرنگ مرحلے پر توانائی کی کھپت میں 20 فیصد اور استعمال کے دوران 6 فیصد تک کمی کر سکتی ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ سافٹ ویئر اور ایڈوانسڈ ڈرائیور اسسٹ ٹیکنالوجیز تیار کرنے کے لیے کام کر رہی ہے جس سے سڑکوں پر ٹریفک جام کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔
اس حوالے سے سوزوکی کی آٹوموٹیو ٹیکنالوجی کے ایک ایگزیکٹیو انچارج تاتسویا ماتسوشیتا کا کہنا ہے کہ اگر کوئی گاڑی بھاری ہے تو ہمیں لمبی رینج اور اچھی کارکردگی حاصل کرنے کے لیے بیٹری اور موٹر کو بھی بڑا کرنا پڑتا ہے۔
ایگزیکٹیو انچارج تاتسویا ماتسوشیتا کے مطابق چھوٹی موٹریں اور بیٹریاں ممکنہ طور پر سوزوکی کو اپنے ماڈلز کی قیمت کم کرنے میں مدد کریں گی۔