بجلی کی قیمت بڑھانے کے بعد حکومت کی جانب سے گھریلو صارفین کیلئے ایک اور بری خبر آگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے بجلی کے گھریلو صارفین پر جولائی 2024 سے ایک ہزار روپے تک فکسڈ چارجز لگانے اور دیگر صارفین کیلئے فکسڈ چارجز میں 184 فیصد تک اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ماہانہ 301 سے 400 یونٹ کے استعمال پر گھریلو صارفین کیلئے 200 روپے فکسڈ چارجزعائد کیے گئے ہیں جبکہ ماہانہ 401 سے 500 یونٹ بجلی استعمال پر 400 روپے فکسڈ چارجز لاگو کیے گئے ہیں۔
ماہانہ 501 سے 600 یونٹ استعمال پر 600 روپے اور ماہانہ 601 سے 700 یونٹ استعمال پر فکسڈ چارجز 800 روپے جبکہ ماہانہ 700 یونٹ سے زیادہ استعمال پر ایک ہزار روپے فکسڈ چارجز عائد ہوں گے۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے گھریلو بجلی صارفین پر فکسڈ چارجز عائد نہیں تھے۔
صنعتی صارفین کیلئے ماہانہ فکسڈ چارجز 184 فیصد بڑھا دیئے گیے جبکہ بجلی کے کمرشل صارفین کیلئے ماہانہ فکسڈ چارجز میں 150 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
زرعی ٹیوب ویلز صارفین کیلئے ماہانہ فکسڈ چارجز میں 100 فیصد اضافہ ہوا اور صنعتی صارفین کیلئے ماہانہ فکسڈ چارجز 440 سے بڑھ کر 1250 روپے ہو گئے۔