ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے دوسرے میچ میں پاکستان چیمپئنز نے ویسٹ انڈیز کو 29 رنز سے شکست دے کر مسلسل دوسری فتح حاصل کرلی۔
ایجبسٹن کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان چیمپئنز کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے۔
گرین شرٹس کی جانب سے آل راؤنڈر شعیب ملک نے 54، شرجیل خان نے 35 اور صہیب مقصود نے 22 رنز بنائے ۔عامر یامین نے 11 گیندوں پر 29 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جس میں 3 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔
ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز لیجنڈز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 165 بناسکی۔
ڈوین اسمتھ 64 رنز بناکر نمایاں رہے تاہم ان کے علاوہ کوئی بلے باز پاکستانی بولرز کے سامنے زیادہ مزاحمت نہ کرسکا۔ دیگر کھلاڑیوں میں جوناتھن کارٹر 34، چیڈوک والٹن 16 اور جیروم ٹیلر 13 رنز بناکر نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے سہیل تنویر نے 4 ، شاہد آفریدی نے 3 اور وہاب ریاض نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
واضح رہے کہ پاکستان چیمپئنز نے اپنے پہلے میچ میں آسٹریلیا چیمپئنز کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔