وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ میری پرورش ایک مذہبی گھرانے میں ہوئی۔
مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت اتحاد بین المسلمین کمیٹی پنجاب کا اجلاس ہوا جس میں تمام مکاتب فکر کے علماء کرام، مشائخ عظام اور علمی و دینی شخصیات کی شرکت کی۔
اجلاس میں محرم الحرام میں اتحاد بین المسلمین کیلئے تجاویز پیش کی گئیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محترم علماء کرام، مشائخ سمیت تمام شرکاء کو اجلاس میں دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتی ہوں، مجھے ایسے لگتا ہے اپنی فیملی میں بیٹھی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میری پرورش ایک مذہبی گھرانے میں ہوئی، نواز شریف صاحب نے اتحاد بین المسلمین کمیٹی بنائی تھی، اتحاد بین المسلمین کمیٹی کے فعال کردار کی ضرورت جتنی آج ہے پہلے نہیں تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم سب کی کوشش ہے کہ دین کا خوبصورت چہرہ دنیا کے سامنے پیش کریں۔
مریم نواز نے کہا کہ آج کے حالات بطور وزیر اعلیٰ میرے لئے باعثِ تشویش ہیں، کمیٹی کا اجلاس سال کی بجائے تین ماہ میں ایک بار ہونا چاہئے۔