متعلقہ

مالی سال 2024-25 کیلئے نئے ٹیکسز کا اطلاق آج سے ہوگیا – پاک لائیو ٹی وی


مالی سال 2024-25 کیلئے نئے ٹیکسز کا اطلاق آج سے ہوگیا

اسلام آباد: مالی سال 2024-25 کیلئے فنانس بل 2024 کے تحت نئے ٹیکسز کا اطلاق آج سے ہو گیا۔

فنانس بل کے مطابق مقامی تیار گاڑیوں پر ٹیکس ریٹ بڑھا دیے گئے، فکسڈ ٹیکس کی بجائے مالیت کے لحاظ سے ٹیکس عائد کیا گیا ہے، 850 سی سی تک گاڑی کی قیمت پر فکسڈ ٹیکس 10000 کی بجائے اعشاریہ 5 فیصد عائد ہو گا۔

851 سے 1 ہزار سی سی گاڑی کی قیمت پر فکسڈ ٹیکس 20 ہزار روپے کی بجائے 1 فیصد جبکہ 1001 سے 1300 سی سی گاڑی کی قیمت پر فکسڈ ٹیکس 25 ہزار کی بجائے 1.5 فیصد ٹیکس ہو گا۔

اس کے علاوہ 1301 سے 1600 سی سی گاڑی کی قیمت پر فکسڈ ٹیکس 50 ہزار کی بجائے 2 فیصد اور 1601 سے 1800 سی سی گاڑی کی قیمت پر فکسڈ ٹیکس 1 لاکھ 50 ہزار کی بجائے 3 فیصد ٹیکس عائد کر دیا۔

1801 سے 2000 سی سی گاڑی کی قیمت پر فکسڈ ٹیکس 2 لاکھ فکسڈ ٹیکس کی بجائے 5 فیصد اور 2001 سے 2500 سی سی گاڑی کی قیمت پر 1 فیصد ٹیکس بڑھا کر 7 فیصد تک ٹیکس عائد کر دیا گیا۔

فنانس بل میں بتایا گیا ہے کہ 2501 سے 3000 سی سی گاڑی کی قیمت پر بھی 1 فیصد ٹیکس بڑھا کر 9 فیصد تک ٹیکس عائد کر دیا جبکہ 300 سی سی سے بڑِی گاڑی کی قیمت پر مزید 2 فیصد ٹیکس بڑھا کر 12 فیصد ٹیکس عائد کر دیا گیا۔

بل میں کہا گیا کہ انکم ٹیکس جنرل آرڈر میں شامل افراد کے موبائل انٹرنیٹ اور موبائل کارڈ پر 75 فیصد ٹیکس لگے گا، ایف بی آر نے نان فائلرز کی سمز بند کرنے کیلئے انکم ٹیکس جنرل آرڈر اپریل 2024 میں جاری کیا تھا۔

پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی 60 روپے سے بڑھا کر 70 روپے کی جائے گی اور ٹریڈ بیسڈ منی لانڈرنگ کی روک تھام کیلئے ڈائریکٹوریٹ کا قیام عمل میں لایا جائے گا، ڈائریکٹوریٹ میں ڈی جی، ایڈیشنل ڈائریکٹرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز تعینات ہوں گے۔

نیوکلیئر میٹریل کی اسمگلڈ اشیاء پکڑے جانے پر متعلقہ افراد کو سزا اور جرمانہ دونوں ہو سکتا ہے، فنانس بل میں اشیاء کی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے مقدار سے دس گنا زائد پینلٹی عائد کی جائے گی، اسمگلنگ کرنے والوں کو چھ سال تک کی قید اور دس لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد ہو سکتا ہے۔

فنانس بل میں مزید بتایا گیا کہ کسٹمز کیسز، سامان اسمگلنگ اور ڈیوٹیز چوری روکنے کیلئے کسٹمز ایپلیٹ ٹریبونلز قائم کیا جائے گا، پاکستان کسٹمز گریڈ 21 کا افسر یا ایڈوکیٹ ہائی کورٹ کسٹمز ایپلیٹ ٹریبونلز کا ممبر تعینات ہو سکے گا۔