متعلقہ

رواں سال سخت گرمی کے باعث 40 فیصد کھالیں خراب ہونے کا خدشہ – پاک لائیو ٹی وی


رواں سال سخت گرمی کے باعث 40 فیصد کھالیں خراب ہونے کا خدشہ

کراچی: رواں سال ملک بھر میں سخت گرمی کے باعث 40 فیصد کھالیں خراب ہونے کا خدشہ ہے۔

پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین آغا سیدین کا کہنا ہے کہ روان سال ملک بھر میں 61 لاکھ جانور زبح کیے گئے تاہم رواں سال سخت گرمی کے باعث 40 فیصد کھالیں خراب ہوجائیں گی اور صرف 60 فیصد چمڑے کی ایکسپورٹ ہی ممکن ہوگی۔

آغا سیدین نے کہا کہ ملک بھر میں عیدالاضحی پر رواں سال 30 لاکھ بکرے، 20 لاکھ گائے، 8 لاکھ بیل اور 7 ہزار اونٹ ذبح کیے گئے جب کہ ایک لاکھ کے قریب چھوٹے دنبے بھی ذبح کیے گئے۔

پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین نے بتایا کہ رواں سال 500 ارب روپے مالیت کے جانور خریدے گئے، جانوروں کی کھالوں سے رواں سال تقریباً ساڑھے 5 سے 6 ارب روپے حاصل ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ رواں سال کھالوں سے حاصل ہونے والی رقم میں 20 سے 25 فیصد کمی واقع ہوئی ہے جب کہ ملک بھر میں قربانی گزشتہ سال کی نسبت کم کی گئی ہے اور ملک بھر میں جانوروں کی تعداد ہر سال کم ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جہاں جانور پالے جاتے تھے، اب وہاں بڑی بڑی ہاؤسنگ کالونیاں بنادی گئی ہیں جب کہ جانوروں کی بڑی تعداد تافتان بارڈر کے ذریعے اسمگل ہورہی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ملک کی مجموعی چمڑے کی برآمدات میں 19 فیصد سے زائد کمی ہوگئی ہے جب کہ ہمارے ملک میں پیداواری لاگت خصوصاً بجلی کے نرخ آسمان پر ہیں۔

دوسری جانب بھارت اور انڈونیشیا میں چمڑے کی صنعت ترقی کررہی ہے اور دنیا بھر میں ان کی چمڑے کی مصنوعات فروخت ہورہی ہیں۔

سن 2008 میں ملکی چمڑے کی برآمدات 1.78 ارب ڈالرز تھیں جو اب صرف محض 783 ملین رہ گئیں ہیں جب کہ ملکی چمڑے کی برآمدات میں 50 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔